مسرت جمشید چیمہ

نازک وقت میں بھی حکمران عیاشیوں ،مفادات سے دستبردار نہیں ہو رہے’ مسرت جمشید چیمہ

لاہور( رپورٹنگ آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کی سینئر رہنما مسرت جمشیدچیمہ نے کہا ہے کہ پنجاب میں لاکھوں افراد بد ترین سیلاب کی زد میں ہیں ،کسان پہلے ہی حکومتی پالیسیوں کی وجہ سے نقصان میں تھے ایسے میں سیلاب کی تباہ کاریوں نے ان کے مسائل میں مزید اضافہ کر دیا ہے.

محنت سے اگائی گئی فصلیں برباد ہو چکی ہیں اور مویشیوں تک کا نقصان اٹھانا پڑ رہا ہے حکومت کو چاہیے کہ فوری طور پر متاثرین کی داد رسی کرے اورمتاثرہ خاندانوں کے لئے امدادی پیکج کا اعلان کرکے ان کے نقصانات کا ازالہ کیا جائے۔ اپنے بیا ن میں مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ سندھ بھی شدید خطرے کی زد میں ہے، عوام امداد کے منتظر ہیں لیکن افسوس کی بات یہ ہے کہ ایسے نازک وقت میں بھی حکمران اپنی عیاشیوں اور مفادات سے دستبردار نہیں ہو رہے.

سندھ میںاراکین اسمبلی کی تنخواہوں میں لاکھوں روپے کا اضافہ کیا جا رہا ہے، یہ فیصلہ نہ صرف عوام کے زخموں پر نمک چھڑکنے کے مترادف ہے بلکہ حکمران طبقے کی بے حسی اور عوامی مسائل سے لاتعلقی کا منہ بولتا ثبوت بھی ہے۔مسرت چیمہ نے کہا کہ قوم سے اپیل ہے کہ مشکل کی اس گھڑی میں متاثر ہ خاندانوںکی امداد کے لئے آگے بڑھیں کیونکہ حالیہ سیلاب سے تاریخ کی بد ترین تباہی ہوئی ہے ۔