کراچی(رپورٹنگ آن لائن)سندھ ہائیکورٹ نے نجی کمپنی سے 53 کروڑ سے زائد کا بینک فراڈ کے کیس میں اداکارہ نادیہ حسین کے شوہر ملزم عاطف خان اور دیگر ملزمان کی درخواست ضمانت کی سماعت ملتوی کردی۔
رپورٹ کے مطابق ہائیکورٹ میں نجی کمپنی سے 53 کروڑ سے زائد کا بینک فراڈ کیس میں اداکارہ نادیہ حسین کے شوہر ملزم عاطف خان اور دیگر ملزمان کی درخواست ضمانت کی سماعت ہوئی۔جونیئر وکیل نے موقف دیا کہ مرکزی ملزم عاطف کے سینئر وکیل مصروف ہیں، سماعت ملتوی کی جائے۔
عدالت نے ملزم عاطف خان اور دیگر کی درخواست ضمانت کی سماعت 21 جولائی تک ملتوی کردی۔یاد رہے کہ اس سے قبل ٹرائل کورٹ نے عاطف خان، امتیاز اور فیصل کی درخواست ضمانت مسترد کردی تھی جبکہ عدالت نے ماڈل و اداکارہ نادیہ حسین کی ضمانت میں توثیق کردی تھی۔
عاطف خان جیل میں ہیں جبکہ ملزم امتیاز اور فیصل احاطہ عدالت سے فرار ہوگئے تھے۔ امتیاز اور فیصل نے گرفتاری سے بچنے کے لیے سندھ ہائیکورٹ سے ضمانت حاصل کرلی تھی۔جسٹس محمود اے خان نے ریمارکس میں کہا ہم تینوں ملزمان کی درخواست ضمانت کو ایک ساتھ سنیں گے۔