اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن)نائب وزیرِاعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے قائدِ اعظم محمد علی جناح کے یوم پیدائش اور کرسمس 2025 کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ آج ہم بانی پاکستان قائدِاعظم محمد علی جناحؒ کا یومِ پیدائش منانے کے ساتھ ساتھ اپنے مسیحی ساتھیوں کے تہوار -کرسمس کی تقریبات بھی منا رہے ہیں۔
یہ مشترکہ موقع اُس جامع وژن اور اخلاقی بنیادوں کی عکاسی کرتا ہے جن پر پاکستان قائم ہوا تھا۔جمعرات کو دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے اپنے پیغام میں کہا کہ قائدِ اعظم محمد علی جناحؒ نہ صرف ہماری آزادی کے معمار تھے بلکہ غیر متزلزل اصولوں اور غیر معمولی بصیرت کے حامل ایک عظیم مدبر بھی تھے۔
انہوں نے پاکستان کو ایک ایسی جمہوری ریاست کے طور پر دیکھا جہاں مساوات، تکثیریت اور تمام شہریوں کے بنیادی حقوق کا احترام بلاامتیاز مذہب،رنگ و نسل کے ہو۔ 11 اگست 1947 کی اپنی تاریخی تقریر میں انہوں نے واضح طور پر فرمایا کہ ریاست کسی شہری کے درمیان کوئی فرق روا نہیں رکھے گی۔ اقلیتوں کے حقوق، مساوات اور مذہبی آزادی کا تحفظ ہمارے آئین اور قومی تشخص کا بنیادی ستون ہے۔
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے کہا کہ میں آج کے دن کی مناسبت سے مسیحی ہم وطنوں کو کرسمس کی دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں اور مذہبی آزادی، مساوات اور تکثیریت کے لیے اپنے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کرتا ہوں، جیسا کہ ہمارے بانیانِ پاکستان کا تصور تھا اور جو ہمارے آئین میں بھی جھلکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے مسیحی ساتھیوں نے تعلیم، صحت، عوامی خدمت اور قومی دفاع کے شعبوں میں پاکستان کی تعمیر و ترقی میں گراں قدر خدمات سرانجام دی ہیں اور ہمیشہ خلوص، حب الوطنی اور وقار کے ساتھ ملک کی خدمت کی ہے۔
کرسمس امن، ہمدردی، قربانی اور انسانیت سے محبت جیسی آفاقی اقدار کی علامت ہے۔ یہ تمام اقدار اسلامی تعلیمات اور قائدِ اعظم کے تصورِ پاکستان سے مکمل ہم آہنگ ہیں۔نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار نے کہا کہ آج جب دنیا کو عدم برداشت اور تقسیم جیسے چیلنجز کا سامنا ہے، پاکستان تکثیریت، بین المذاہب ہم آہنگی اور پُرامن بقائے باہمی کے اپنے عزم کا اعادہ کرتا ہے۔
ہمارا بھائی چارہ ہماری طاقت اور فخر کا باعث ہے۔انہوں نے کہا کہ آج قائدِ اعظم ؒ کے ورثے کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے اور کرسمس کی خوشیاں مناتے ہوئے، آئیے ہم امن، خیر سگالی اور باہمی احترام کے اس پیغام کو ہمیشہ کے لیے آگے بڑھائیں۔نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے کہا کہ میں آخر میں ایک مرتبہ پھر دنیا بھر کی تمام مسیحی برادری کو کرسمس کی دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں اور قائدِ اعظم محمد علی جناحؒ کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کرتا ہوں۔پاکستان زندہ باد









