لاہور (رپورٹنگ آن لائن) وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ نئے پاکستان کی تعمیر میں نوجوانوں کا کردار بنیادی اہمیت کا حامل ہے، پنجاب حکومت نوجوانوں کو با اختیار بنا رہی ہے۔
وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار نے نوجوانوں کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ قوم کو اپنے باصلاحیت نوجوانوں سے بہت سی توقعات وابستہ ہیں، ملکی ترقی میں نوجوان کا کردار کلیدی ہے، نئی نسل کو معاشی طور پر با اختیار بنا رہے ہیں، وزیراعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق نوجوانوں کو کاروبار کے لئے قرضے فراہم کر کے معاشی خود انحصاری کی راہ پر گامزن کر رہے ہیں۔
عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ نوجوانوں پر سرمایہ کاری حکومت پنجاب کی ترجیحات میں سرفہرست ہے، پاکستانی نوجوانوں نے زندگی کے ہر شعبے میں اپنی خداداد صلاحیتوں سے ملک کا نام روشن کیا ہے، ارشد ندیم اور طلحہ طالب نے اولمپکس میں سرتوڑ جدوجہد کر کے نوجوانوں کے لئے مثال قائم کی، نوجوانوں کو با اختیار بنانے کیلئے وسائل اور مواقع فراہم کریں گے۔