لاہور(رپورٹنگ آن لائن)سینئر اداکار قوی خان نے کہا ہے کہ یہ انتہائی خوش آئند ہے کہ ٹی وی پر نئے ٹیلنٹ کی بھرمار ہے اورنئے فنکار ایسا کام کررہے ہیں جس سے احساس ہوتا ہے کہ ان میں بڑے اداکار بننے کی تمام خوبیاں او رصلاحیتیں موجود ہیں ۔ایک انٹر ویو میں انہوں نے کہا کہ سینئر فنکار کی لاٹ میں کمی آتی جارہی ہے اس لئے نئے آنے والوں کو چاہیے کہ سینئرز کے تجربے سے استفادہ کریں تاکہ وہ آنے والے وقت میں ان کی جگہ سنبھال سکیں ۔
انہوں نے مزید کہا کہ میں تمام نئے آنے والوں کو یہ نصیحت کروں گا کہ وہ شارٹ کٹ کی بجائے محنت ،لگن اورمستقل مزاجی سے محنت کریں اور اس کے بعد کامیابی خود بخود ان کے قدم چومے گی اور یہی کامیابی دیرپا بھی ہو گی ۔انہوںنے کہا کہ میں یہ بھی کہنا چاہوں گا کہ کبھی یہ نہ سوچیں کہ ہم نے سب کچھ سیکھ لیا ہے جس دن انسان یہ خیال اپنے ذہن میں لاتا ہے اس کا اسی دن سے زوال کے سفر کا آغاز ہو جاتا ہے۔