پرویز حنیف

نئی منڈیاں تلاش ،سوشل میڈیا کے ذریعے مارکیٹنگ کیلئے پالیسی تشکیل دی جائے ‘پرویز حنیف

لاہور( ر پورٹنگ آن لائن)کارپٹ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ کے چیئر پرسن پرویز حنیف نے کہا ہے کہ حکومت برآمدات کے فروغ کیلئے نئی منڈیاں تلاش کرنے کے ساتھ ساتھ سوشل میڈیا کے ذریعے جدید مارکیٹنگ کیلئے پالیسی تشکیل دے ،موجودہ دور میں سوشل میڈیا برآمدات کی موثرتشہیر اور مارکیٹنگ کا موثرٹول ہے اورمزید بہتر نتائج حاصل کرنے کیلئے سنگل کنٹری نمائشوں کا بھی انعقاد کیا جائے ۔ ان خیالات کااظہارانہوںنے پاکستان کارپٹ مینوفیکچررزاینڈایکسپورٹرزایسوسی ایشن کے ممبران پر مشتمل وفد سے گفتگوکرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر سینئر ایگزیکٹو ممبرریاض احمد،سعید خان ، اکبر ملک، دانیال حنیف، فیصل سعید خان اور دیگر بھی موجودتھے۔ پرویز حنیف نے کہاکہ کارپٹ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ مختلف ممالک میں ڈیزائنوںکے رجحانات سے آگاہی کیلئے اپنی پیشرفت جاری رکھتا ہے۔

ہاتھ سے بنے قالینوںکی انڈسٹری سے وابستہ مینو فیکچررزاوربرآمدکنندگان بھی اس حوالے سے اپنی تجاویز دیں جن پر کام کیا جائے گا۔ انہوںنے کہاکہ ہاتھ سے بنے ہوئے قالین پوری دنیا میں پاکستان کی منفرد پہچان ہیں لیکن بد قسمتی سے حکومت نے اس انڈسٹری کو مکمل نظر انداز کر رکھاہے جس کی وجہ سے اس کی برآمدات میں بے پناہ کمی ہوئی ہے اورلاکھوں ہنر مندوں کا روزگار بھی خطرے میںہے۔