ممبئی (رپورٹنگ آن لائن)بالی ووڈ کے مسٹر پرفیکشنسٹ کہلائے جانے والے عامر خان نے اپنی 60 ویں سالگرہ پر اپنی ایک گرل فرینڈ کو میڈیا سے متعارف کروا کر سب کو حیران کردیا ہے۔
ہر گزرتے دنوں کے ساتھ عامر خان اور ان کی دوست گوری اسپریٹ کے بارے میں نئے نئے انکشاف سامنے آ رہے ہیں۔دونوں ایک دوسرے کو 25 سال سے جانتے ہیں اور دونوں ہی شادی شدہ تھے اور ان کے بچے بھی ہیں تاہم اب جوڑا نئے سفر کا آغاز کرنا چاہتا ہے۔ایک سوال کے جواب میں عامر خان نے بتایا کہ میں کسی ایسے شخص کی تلاش میں تھا جہاں مجھے سکون مل سکے اور وہ میں نے گوری میں پایا۔
اداکار عامر خان نے کہا کہ مجھے نہیں معلوم کہ 60 سال عمر میں شادی کرتے ہوئے کیسا لگوں گا لیکن بس اب ٹھان لی ہے۔عامر خان کی پرانی دوست گوری نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ میں ایک ایسے شخص کی تلاش میں تھی جو مہربان، شریف اور خیال رکھنے والا ہو۔اس موقع پر عامر خان نے برجستہ لقمہ دیا کہ اور پھر تم نے مجھے ڈھونڈ لیا۔ جس پر سب ہنس پڑے۔
اپنے ہیرو کی پسندیدہ فلموں کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں گوری نے بتایا کہ میں نے عامر کی بہت سی فلمیں نہیں دیکھی ہیں۔اس پر موقع عامر خان نے پھر مداخلت کی اور کہا کہ گوری بنگلور میں پلی بڑھی ہیں اور ساری توجہ فلم کے بجائے دیگر فنون میں تھیں۔ میری فلمیں بھی نہیں دیکھیں۔گوری نے اپنا جواب مکمل کرتے ہوئے کہا کہ عامر کی فلم دل چاہتا ہے اور لگان ہی دیکھی ہیں۔جس پر عامر خان نے کہا کہ گوری مجھے ایک سپر اسٹار کے طور پر نہیں بلکہ ایک پارٹنر کے طور پر دیکھتی ہیں۔