انیل کپور

میں نے نہیں امیتابھ بچن نے شخصی حقوق کے تحفظ کی راہ ہموار کی، انیل کپور

ممبئی (رپورٹنگ آن لائن)بالی ووڈ کے لیجنڈ اداکار انیل کپور نے آرٹیفیشل انٹیلی جنس (اے آئی) کے خلاف مقدمہ کا کریڈٹ امیتابھ بچن کو دے دیا۔

انیل کپور کے بھارتی فلم انڈسٹری میں 40 سال مکمل ہوگئے ہیں، انہوں نے اس موقع پر امریکی نشریاتی ادارے کو انٹرویو دیا۔اس دوران انہوں نے گزشتہ برس اے آئی کے خلاف مقدمہ جیتنے پر گفتگو کی اور کہا کہ میں نے نہیں بلکہ امیتابھ بچن نے فلم نگری میں شخصی حقوق کے تحفظ کی راہ ہموار کی۔بالی ووڈ اداکار نے مزید کہا کہ شناخت کے تحفظ سے حقوق کو امیتابھ بچن نے اجاگر کیا ہے۔

انیل کپور نے یہ بھی کہا کہ آپ کو صرف جسمانی طور پر کیے گئے کام کی ہی نہیں بلکہ اپنا شخصی اور خاندان کا تحفظ بھی خود ہی کرنا ہے۔اْن کا کہنا تھا کہ اس تحریک کی قیادت میں نے نہیں کی بلکہ میرے خیال میں یہ امیتابھ بچن ہی تھے جنہوں نے اسے لیڈ کیا۔اداکار نے کہا کہ میں نے تو اس حوالے سے صرف ایک قدم بڑھایا ہے، آگے کا سفر کافی طویل ہے، جس کیلیے میں کوشش کرتا رہوں گا۔

انہوں نے خیال ظاہر کیا کہ میرے ساتھ دیگر لوگوں کو بھی اس کا فائدہ ہوگا کیونکہ اے آئی ہماری روزمرہ کی زندگی میں شامل ہوگیا ہے۔یاد رہے کہ دہلی ہائیکورٹ نے تجارتی فائدے کیلیے انیل کپور کا نام، آواز، تصویر، شبیہ، بولنے کے انداز، اشاروں اور مخصوص الفاظ جیسے ‘جھکاس’ کے استعمال پر پابندی لگائی تھی۔