وزیرداخلہ 159

میں نے عمران خان جتنی محنت کرتے کسی کو نہیں دیکھا،وزیرداخلہ

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)وزیرداخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ میں نے عمران خان جتنی محنت کرتے کسی کو نہیں دیکھا، آپ کو ماں کی دعا ہے ، اسلام آباد کو مثالی شہر بنائیں گے،نادرا اور ترکش حکومت کے ساتھ مل کر ویریفکیشن مکمل کرلی ہے،اللہ نیت جانتا ہے کہ عمران خان کی نیت صاف ہے،ملک آج اس دلدل میں اس لئے پھنسا کیونکہ چوروں لٹیروں نے اس کو دونوں ہاتھوں سے لوٹا۔

بدھ کو اسلام آباد ایونیو اور آئی جے پی پرنسپل روڈ کے ترقیاتی منصوبے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیرداخلہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ میں نے کافی وزرائے اعظم کے ساتھ کام کیا، عمران خان جتنی محنت کرتے کسی کو نہیں دیکھا، آپ کو ماں کی دعا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں 240پارکس ہیں، یہاں رات کو لائٹس نہیں جلتی تھیں ہم نے 200پارکس کو بالکل ٹھیک کر دیا ہے،4تاریخی پارکس بھی بنانے جا رہے ہیں،اسلام آباد میں ناکے ختم کر دیئے گئے ہیں، پہلے نتھیا گلی جانے والے لوگ آدھا آدھا گھنٹہ ٹریفک میں پھنسے رہتے تھے، اسلام آباد کو مثالی شہر بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں خواتین کا بازار بھی شروع کرنے جا رہے ہیں، اس سے خواتین کو کاروبار کے مواقع مل سکیں گے۔

انہوں نے کہا کہ نادرا اور ترکش حکومت کے ساتھ مل کر ویریفکیشن مکمل کرلی ہے،اللہ نیت جانتا ہے کہ عمران خان کی نیت صاف ہے،ملک آج اس دلدل میں اس لئے پھنسا کیونکہ چوروں لٹیروں نے اس کو دونوں ہاتھوں سے لوٹا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر میں تحریک انصاف کی حکومت ہو گی، پاکستان میں اگلی حکومت بھی عمران خان کی ہو گی یہی میری دعا ہے، عمران خان ہی اس ملک کو آگے لے کر جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں