لاہور(کامرس رپورٹر)ایف پی سی سی آئی کے سابق ریجنل چئیرمین منظور الحق ملک کا کہنا ہے کہ پاکستانی خاتون کمرشل قونصلر شبانہ عزیز کی کاوشوں سے میکسیکو کی آٹو پارٹس انڈسٹریز کی پاکستان میں سرمایہ کاری خوش آئند ہے۔ میکسیکو کے آٹو سیکٹر سے وابستہ سرمایہ کاروں کے پاکستان میں آنے سے پاکستان میں آٹو انڈسٹر ی تر قی کرے گی اور روز گار پیدا ہو گا۔
مزید کہا کہ شبانہ عزیز جیسی محنتی خواتین قوم کا سرمایہ ہیں، دیگر ممالک میں موجود نمائندوں کو بھی سرمایہ کاری پر فوکس کرنا چاہیے، میکسیکوکی آٹو پارٹس انڈسٹری نے پاکستانی شراکت داروں کے ساتھ پاکستان میں آٹو پارٹس کی انڈسٹری لگانے پر کام شروع کر دیا ہے۔باہمی روابط قائم کرنے کےلئے چار آن لائن سیشنز ہو چکے ہیں تاکہ دونوں ممالک کی انڈسٹریز کے درمیان اعتماد پیدا کیا جا سکے۔
میکسیکو دنیا کا ساتواں بڑا آٹو پارٹس بنانے والا ملک ہے، میکسیکن ریاستیں آٹو پارٹس کے حوالے سے دنیا میں اپنا مقام رکھتی ہیں اور ان کا پاکستان میں آنا پاکستانی معیشت کی بحالی میں اہم کردار ادا کرے گا۔پاکستان میں آٹو موٹیو ماہرین کا مزید کہنا ہے کہ پاکستان میں آٹو موٹو انڈسٹری کےلئے بہت زیادہ گنجائش ہے ۔
میکسیکو کی کچھ کمپنیوں نے پاکستان میں آٹو پارٹس اور ربڑ کی صنعت لگانے کےلئے مقامی صنعتکاروں سے رابطہ کیا ہے ۔میکسیکو میں پاکستان کی کمرشل قونصلر شبانہ عزیز میکسیکن سرمایہ کاروں سے رابطہ کر کے پاکستانی اور میکسیکو کے آٹوموٹو کی صنعت سے وابستہ افراد کو قریب لانے میں بھر پور کام کر رہی ہیں ، ایک خاتون افسر کی کاوشوں سے بیرونی سرمایہ کاروں کا پاکستان آنا خوش آئند ہے ۔