میڈیکل ویمن ایسوسی ایشن

میڈیکل ویمن ایسوسی ایشن آف پاکستان کے زیر اہتمام یوم خواتین کے موقع پر خصوصی تقریب کا انعقاد

لاہور(رپورٹنگ آن لائن)میڈیکل ویمن ایسوسی ایشن آف پاکستان (ایم ڈبلیو اے پی) کے زیر اہتمام یوم خواتین کے موقع پر ایک شاندار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

ترجمان کے مطابق اس تقریب کی مہمان خصوصی شہناز راؤف تھیں جبکہ پارلیمانی سیکرٹری رشدہ لودھی،ممبر صوبائی اسمبلی سلمیٰ بٹ، سینیٹر بشریٰ بٹ اور سابق وزیر صحت پروفیسر جاوید اکرم، پروفیسر شمسہ ہمائیوں سمیت ڈاکٹرز، پرنسپل یونیورسٹی آف لاہور پروفیسر مہوش عروج، سینئر نائب صدر ایم ڈبلیو اے پی سمیت نمایاں طبی ماہرین، اساتذہ، طلبہ، اور دیگر بھی موجود تھے۔

 تقریب میں ایم ڈبلیو اے پی کے مشن کو اجاگر کیا گیا، جس میں خواتین ڈاکٹروں کے لیے تعلیمی اور تحقیقی مواقع کو فروغ دینے پر زور دیا گیا۔ شرکاء نے طبی میدان میں صنفی مساوات اور شمولیت کے لیے فوری اقدامات کی ضرورت کی اہمیت کو اجاگر کیا -ایم ڈبلیو اے پی کی صدر، ڈاکٹر وجیہہ رضوان نے  یونیورسٹی آف لاہور کی بھرپور معاونت پر شکریہ ادا کیا اور اپنی ٹیم کی انتھک محنت کو سراہا۔ انہوں نے پنجاب حکومت، خصوصاً وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کی صحت اور خواتین کے لیے ترقی پسند اقدامات کو سراہا۔

اپنے خطاب میں، ڈاکٹر وجیہہ نے کہا کہ تقریب خواتین طبی ماہرین کے حقوق اور ترقی کے لیے ایک اہم سنگ میل ثابت ہو گی۔ انہوں نے سرکاری اسپتالوں میں خواتین ڈاکٹروں کے لیے رہائشی سہولیات کی کمی کی طرف توجہ دلائی اور مطالبہ کیا کہ لیڈی ڈاکٹروں کے لیے ہاسٹلز اور رہائشی سہولیات کی تعمیر اور تزئین وآرائش کی جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسپتالوں میں 24 گھنٹے چلنے والے ڈے کیئر سینٹرز، لَیکٹیشن رومز اور نماز کے لیے مخصوص جگہوں کا قیام ضروری ہے تاکہ خواتین طبی ماہرین کو سہولت فراہم کی جا سکے۔

اس موقع پر رشدہ لودھی کی زیر صدارت اور پروفیسر شمسہ ہمائیوں کی معاونت میں ایک پینل ڈسکشن بھی منعقد ہوا بعد ازاں نمایاں خدمات انجام دینے والی شخصیات کو لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ اور 2024 کے امپیکٹ فل ویمن لیڈر ایوارڈز دیے گئے۔

لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ ممتاز محقق پروفیسر شکیلہ زمان کو دیا گیا جبکہ پروفیسر حلیمہ یاسمین،پروفیسر محسنہ نور،پروفیسر لبنیٰ کمانی،پروفیسر ماہ منیر،پروفیسر نصیم، پروفیسر صبا محسود،پروفیسر سیدہ آسیہ بخاری،ڈاکٹر نبیہا فراست،پروفیسر طیبہ خاور بٹ،پروفیسر زہرہ خانم اور پروفیسر شذرا ندیم کوامپیکٹ فل ویمن لیڈر ایوارڈز دیے گئے۔ تقریب کے آخر میں ایم ڈبلیو اے پی کی مشیر، پروفیسر سائمہ نے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور خواتین کے لیے صحت کے شعبے میں اتحاد اور تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔