میڈیکل سٹوڈنٹس

میڈیکل سٹوڈنٹس قابل ڈاکٹر بننے کیلئے تعلیم پر خصوصی توجہ دیں: پروفیسر عائشہ شوکت

لاہور(زاہد انجم سے) پرنسپل کانٹی نینٹل میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر عائشہ شوکت نے میڈیکل سٹوڈنٹس پر زور دیا ہے کہ وہ مستقبل میں صحیح معنوں میں قابل اور اہل ڈاکٹر بننے اور اپنے والدین کے خوابوں کی عملی تعبیر کو یقینی بنا ئیں اور اپنی پیشہ وارانہ تعلیم پر بھرپور توجہ مرکوز کریں تاکہ وہ بہتر انداز میں دکھی انسانیت کی خدمت کر سکیں۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ یقینا طلبا و طالبات نے انسانیت کی عظیم خدمت کے لئے میڈیکل شعبہ اختیار کیا ہے اور اس کالج میں عظیم مقصد کو پورا کرنے کے لئے ان طلبہ و طالبات کے اساتذہ بھی تعلیم و تربیت میں موثر کردار ادا کریں گے۔

ان خیالات کا اظہار پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر عائشہ شوکت نے ایم بی بی ایس کے 12ویں بیج میں داخلہ لینے والے 100سٹوڈنٹس کے اعزاز میں منعقدہ پر وقار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ایم ایس ڈاکٹر رانا محمد شفیق اور فیکلٹی ممبران نے طلبا و طالبات کو خوش آمدید کہا اور انہیں نئے تعلیمی سیشن کے آغاز پر مبارکباد دی۔ تقریب میں میڈیکل سٹوڈنٹس نے وائٹ کوٹ زیب تن کرکے طب کے پیشے کی اخلاقیات پر عمل کرنے کا عہد کیا جبکہ بچوں کے والدین کا جو ش وخروش بھی دیدنی تھا جنہوں نے اپنے بچوں کے شاندار تعلیمی کیرئیر پر مسرت کا اظہار کیا۔

پروفیسر عائشہ شوکت نے شرکاء کو کالج کی نصابی وغیر نصابی سرگرمیوں کے بارے میں تفصیلاً آگاہ کیا۔ان کا کہنا تھا کہ طب سے وابستہ افراد ملک و دنیا میں سب سے زیادہ قابل احترام پیشے سے وابستہ ہیں کیونکہ ڈاکٹر بننا ایک بہت بڑا اعزاز اور ذمہ داری ہے لہذا کالج میں ڈسپلن پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ دنیا میں وہی قومیں ترقی کرتی ہیں جو نظم و ضبط اور وقت کی پابندی کو اپنی زندگی کا نصب العین بناتی ہیں اور وقت کو اصل سرمایہ سمجھتی ہیں۔پروفیسر ڈاکٹر عائشہ شوکت نے طلبا کو محنت اور لگن سے تعلیم مکمل کرنے کی تلقین کرتے ہوئے یقین دہانی کروائی کہ کالج میں تعلیمی سرگرمیوں کے لئے بہتر ین ماحول میسر ہوگا۔پرنسپل کانٹی نینٹل میڈیکل کالج کا کہنا تھا کہ آنے والا دور مقابلے اور بہترین میں سے بہتر کا دور ہے لہذا طلبا و طالبات کو دنیا بھر میں ہونے والی تبدیلیوں اور سامنے آنے والی جدید تحقیق سے آگاہ رکھنا ہوگا تاکہ وہ اس ڈگری میں کامیاب ہوکر اس تعلیمی ادارے اور اپنے والدین کا نام روشن کر سکیں۔