اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن)وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ سوشل میڈیا پر جھوٹی اور من گھڑت خبر پھیلائی جا رہی ہے کہ پاکستان نے افغانستان کے خلاف اپنی کارروائیاں روک دی ہیں لیکن حقیقت اس کے برعکس ہے۔
اتوار کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنی ایک پوسٹ میں وفاقی وزیر نے کہا کہ موجودہ علاقائی صورتحال کے پیشِ نظر صرف عارضی طور پر پی اے ایف اور ڈرون کی فوٹیجز میڈیا کے ساتھ شیئر کرنے سے روکی گئی ہیں ۔ اس فیصلے کا مقصد قومی سلامتی اور آپریشنل حکمتِ عملی کو محفوظ رکھنا ہے نہ کہ کارروائیوں کو روکنا۔
انہوں نے کہا کہ کارروائیاں بدستور جاری ہیں، دہشتگرد عناصر کے خلاف آپریشن پوری شدت اور حکمت کے ساتھ آگے بڑھ رہا ہے۔ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا کہ پوری قوم افواجِ پاکستان کے ساتھ کھڑی ہے۔انہوں نے اپنے ٹویٹ کے اختتام پر #FakeNewsAlert #Pakistan #NationalSecurit کے ہیش ٹیگز بھی شیئر کئے۔







