بلوچستان بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن

میٹرک کے رزلٹ کی تیاری میں مجھے مکمل طور پر لاعلم رکھا گیا: کنٹرولر امتحانات

کوئٹہ (رپورٹنگ آن لائن)بلوچستان بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن کی کنٹرولر ایگزامینیشن عابدہ کاکڑ نے میٹرک کے سالانہ امتحانات کے نتائج سے متعلق انکشافات کرتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ میٹرک کے سالانہ امتحانات کے رزلٹ کی تیاری میں انہیں مکمل طور پر لاعلم رکھا گیا ہے۔

کنٹرولر ایگزامینیشن عابدہ کاکڑ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ چیئرمین بورڈ نے زور زبردستی اسٹاف کو بھی انہیں کسی قسم کی کوئی اطلاع نہ دینے کی تلقین کی تھی۔ کنٹرولر امتحانات عابدہ کاکڑ نے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کے میٹرک کے سالانہ امتحانات میں رزلٹ کی تیاری سے میں مکمل طور پر لاعلم ہوں، چیئرمین بورڈ کی ہدایات پر ایگزمنیشن برانچ کے اسٹاف نے مجھے ہر بات اور کام سے متعلق نہیں بتایا۔

انہوں نے مزید کہا کہ چیئرمین بورڈ کو تحریری طور پرآگاہ کیا لیکن کوئی شنوائی نہیں ہوئی، مجھے رزلٹ کے پراسس سے دور رکھنا اور کچھ نہ بتانا غیر قانونی ہے۔

کنٹرولر بورڈ کا کہنا تھا کہ میں نے چیئرمین بورڈ سے ٹیلی فونک رابطہ بھی کیا تو انہوں نے اس پر بھی مجھے کہا کہ میری سیٹ کا رزلٹ کی تیاری سے متعلق کوئی کردار نہیں ہے جو کہ بلوچستان بورڈ کے قوانین کی خلاف ورزی ہے۔چیئرمین بورڈ سے بھی رابطہ کرنے کی کوشش کی لیکن ان کا موبائل فون بند ملا۔