میزان بینک

میزان بینک نے گلوبل اسلامک فنانس ایوارڈز میں شریعہ اتھنسٹی ایوارڈ 2020سمیت 3 ایوارڈ ز جیت لیے

کراچی (ر پورٹنگ آن لائن) پاکستان کے پہلے اور سب سے بڑے اسلامی بینک میزان بینک کواسلام آباد میں منعقدکی جانے والی دسویں گلوبل اسلامک فنانس ایوارڈزکی تقریب میں شریعہ اتھنسٹی ایوارڈ (Shariah Authenticity Award) سمیت متعدد ایوارڈز سے نوازا گیا ہے۔اسلامی مالیاتی انڈسٹری میں اہم کردار ادا کرنے کی وجہ سے میزان بینک نے شریعہ آڈیٹر آف دی ایئرایوارڈ (Shariah Auditor of the Year) اور سکوک ہائوس آف دی ایئر ایوارڈ(Sukuk House of the Year Award) بھی حاصل کئے ہیں۔

بینک کو ملنے والے تینوں ایوارڈز عالمی سطح کے ایوارڈزہیں۔ صدرِ پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے میزان بینک کے گروپ ہیڈ شریعہ کمپلائنس احمد علی صدیقی اور جنرل منیجر نارتھ محمد سلیم خان کو ایوارڈز دیے۔اسلامی مالیاتی انڈسٹری کو فروغ دینے پر گلوبل اسلامک فنانس ایوارڈز کی جانب سے میزان بینک کو چھٹے سال ایوارڈز سے نوازاگیا ہے۔

جی آئی ایف اے ایوارڈز کو اسلامک بینکنگ کے شعبے کے نامور عالمی ایوارڈز میں شمار کیا جاتا ہے ۔گلوبل فنانس ایوارڈز میں قومی اور عالمی اسلامی مالیاتی صنعت کے بہترین طریقوں کے معیار پر پورا اترنے، جدّت، پیش کی جانے والی پراڈکٹس کا معیار اور اسلامک بینکنگ اینڈ فنانس کے ساتھ وابستگی کی بنیاد پر ایوارڈکا تعین کیا جاتا ہے۔

میزان بینک کا تین کیٹگریز میں ایوارڈ زحاصل کرنا اس بات کی عکاسی ہے کہ میزان بینک کا شمار دنیا کے بہترین شرعی مالیاتی اداروں میں ہوتا ہے۔ میزان بینک کے بانی صدر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر عرفان صدیقی نے گلوبل اسلامک فنانس ایوارڈز حاصل کرنے پر اپنے بیان میں کہا کہ اسلامی بینکاری کو ہر پاکستانی کی اوّلین ترجیح بنانے کے ویژن کے ساتھ میزان بینک کا قیام عمل میں لایاگیا تھا.

اور اپنے اہداف سے وابستگی کے ساتھ بینک الحمدللہ اب پاکستان میں اسلامی بینکاری کیلئے گولڈ اسٹینڈرڈ بن گیا ہے۔ میزان بینک اپنی بنیادی اقدار پر عمل پیرا ہے ۔ہم اپنے شیئر ہولڈرز اور صارفین کے اعتماد کی قدر کرتے ہیں جس کی بدولت اسلامی بینکاری کی پراڈکٹس اور خدمات فراہم کرنے میں میزان بینک سرِ فہرست شمار ہوتا ہے۔