راولپنڈی(رپورٹنگ آن لائن)سابق وزیر داخلہ و سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید نے کہا ہے کہ میرے خلاف کیس اینٹی کرپشن میں چلائیں یا نیب میں فرق نہیں پڑتا۔ اینٹی کرپشن پنجاب کی جانب سے انکوائری پر شیخ رشید احمد نے ردعمل میں کہا کہ اراضی ذاتی ملکیت اور 60 سال پرانی ہے، پہلے الیکشن سے لیکر ہر الیکشن میں تمام جائیداد ڈیکلیئر ہے۔
شیخ رشید نے کہا کہ اراضی مکمل قانونی ہے ، اسے فروخت کرنا چاہا تھا لیکن خریدار نے پورے پیسے نہیں دیے اور اس کا دیا گیا چیک بھی باﺅنس ہوگیا، لہذا اب دیکھ رہے ہیں اس سے معاہدہ بھی برقرار رہتا یے یا نہیں۔انہوں نے کہا کہ اس مرحلے پر معاہدہ منسوخ بھی کردوں تب بھی فائدہ ہے، خریدار نے صرف 40کنال کی ادائیگی کی ، جبکہ اراضی اس سے زیادہ ہے جس کے ابھی تک پیسے نہیں دیے۔
شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ اینٹی کرپشن نے میڈیا کو میرے متعلق نوٹس بھجوائے ہیں لیکن مجھے نہیں بھجوایا، مجھے اینٹی کرپشن کا کوئی نوٹس ابھی تک نہیں ملا، میرے خلاف کیس اینٹی کرپشن میں چلائیں یا نیب میں مجھے کوئی فرق نہیں پڑتا، نوٹس ملا تو ضرور جواب دوں گا۔