لاہور( رپورٹنگ آن لائن)گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا ہے کہ میری گورنر شپ کا ایک ایک منٹ پنجاب کے لوگوں کیلئے ہے،پنجاب کے عوام، بالخصوص پسماندہ اور دور دراز اضلاع کی ترقی کے لیے اقدامات اٹھانا ضروری ہیں.
سردار سلیم حیدر خان کی زیر صدارت گورنر ہائوس لاہور میں اجلاس منعقد ہوا جس میں اٹک میں نئی تحصیل نرڑہ کے قیام کے حوالے سے پیشرفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ڈپٹی سیکرٹری بورڈ آف ریونیو رانا آفتاب اور ڈائریکٹر بورڈ آف ریونیو عظمت سلمان نے گورنر پنجاب کو تفصیلی بریفنگ دی۔گورنر پنجاب نے کہا کہ تحصیل نرڑہ کا قیام عوامی مطالبہ ہے اور ضلع اٹک میں تحصیل جنڈ کی سات یونین کونسلز پر مشتمل ایک علیحدہ تحصیل کے قیام سے اہل علاقہ کی پسماندگی دور ہو گی۔
گورنر پنجاب نے واضح کیا کہ مجوزہ تحصیل کے قیام سے مقامی لوگوں کے لیے عوامی خدمات کی فراہمی کے ساتھ ساتھ انتظامی معاملات میں بھی بہتری آئے گی۔اجلاس میں بورڈ آف ریونیو رولز کے کلاز 6 کے تحت تحصیل کے قیام کی قانونی حیثیت پر بھی روشنی ڈالی گئی اور بریفنگ میں بتایا گیا کہ تحصیل نرڑہ کا کیس جلد کابینہ میں پیش کر دیا جائے گا۔









