اسد عمر

میری پریشانی یہ ہے جو اللہ کی مخلوق آرہی ہے وہ کہاں جائےگی؟، اسد عمر

اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن) وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا ہے کہ جلسہ گاہ میں اتنی جگہ نہیں جتنی تعداد میں عوام آرہے ہیں، میری پریشانی یہ ہے جو اللہ کی مخلوق آرہی ہے وہ کہاں جائےگی؟۔تفصیلات کے مطابق پریڈ گرانڈ میں امربالمعروف جلسے کی انتظامات کو حتمی شکل دینے کے بعد میڈیا سے گفتگو میں اسد عمر نے کہا کہ عمران خان نے عوام کو بیدار کردیا ہے، عوام کو آگے لیکر کیسے چلنا ہے؟ اس پر بات چیت ہوئی تھی۔

اسد عمر نے کہا کہ نمبرز میدان میں کا ونٹ ہونگے ، ایوان میں بھی نمبر پورے نظرآئیں گے، اتحادیوں سے مثبت بات چیت چل رہی ہے، اتحادیوں سے بات چیت میں آفرز بھی شامل ہیں۔ قاف لیگ کی جانب سے وزارت اعلی پنجاب کی ڈیمانڈ پر اسد عمر نے کہا کہ وزارت اعلی سے متعلق خبر کی تصدیق یا تردید نہیں کرسکتا، ہماری ق لیگ سے بات چیت چل رہی ہے، اپوزیشن جو کچھ بھی کہہ رہی ہے اس پر بھی رائے نہیں دوں گا۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ غلطیاں انسان سے ہمیشہ ہوتی ہیں، پی ٹی آئی حکومت پہلی بار بنی ہے، حکومت میں آکر بہت کچھ سیکھا غلطیاں بھی کیں، عوام کو تبدیلیاں ہوتے نظر آئی ہوں گی آئندہ مزید بھی ہوں گی۔