ثروت گیلانی

میرا نصف خاندان بھارت سے ہے، ہندوستانی ثقافت میں پلی بڑھی، ثروت گیلانی

کراچی (رپورٹنگ آن لائن)فلم، ٹی وی اور ویب سیریز کی مقبول اداکارہ ثروت گیلانی نے کہا ہے کہ ان کے نصف خاندان کا تعلق بھارت سے ہے جب کہ وہ ہندوستانی ثقافت کے ساتھ پلی بڑھیں اور انہیں امید ہے کہ مستقبل میں پاکستان اور بھارت کے اداکار ایک ساتھ کام کرتے دکھائی دیں گے۔

ثروت گیلانی کی پیدائش خیبرپختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں ہوئی، تاہم ان کی زندگی کا زیادہ تر حصہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں گزرا۔انہوں نے نوجوانی میں ہی اداکاری کا آغاز کیا، ان کے نانا نواب غلام محی الدین خانجی برٹش انڈیا کے دور میں متحدہ ہندوستان کی نوابی ریاست مناودار کے نواب تھے جو 1954تک برقرار رہی، جس کے بعد اسے بھارت میں ضم کردیا گیا۔تقسیم کے بعد ان کے نانا پاکستان چلے آئے جب کہ ان کا کچھ خاندان بھارت میں ہی رہ گیا اور ان کی نوابی ریاست کو ریاست گجرات میں شامل کرلیا گیا۔بھارتی اخبار کو دیے گئے انٹرویو میں اداکارہ نے کہا ہے کہ ان کے نصف خاندان کا تعلق بھارت سے ہے اور وہ بہت سارے ہندوستانی کلچر اور ثقافت کے ساتھ پلی بڑھی ہیں۔

ثروت گیلانی نے پاکستانی اور بھارتی اداکاروں کو تجویز دی کہ وہ امید کا دامن نہ چھوڑیں اور اس حوالے سے مثبت رہیں کہ ایک دن وہ ایک ساتھ کام کریں گے۔ایک سوال کے جواب میں اداکارہ نے کہا کہ دونوں ممالک کے بہت سارے فنکار اور لوگ ایک دوسرے کے ساتھ جڑنا چاہتے ہیں مگر دونوں ملکوں کے بعض لوگوں کے مقاصد دوسرے ہیں، جس وجہ سے ایسا ہونا فی الحال ممکن نہیں۔انہوں نے کہا کہ فنکاروں کے ساتھ بہت زیادہ لوگوں کی حمایت ہے مگر چوں کہ جن افراد کی باتوں اور خیالوں سے پالیسز بنتی ہیں وہ دونوں ممالک کے فنکاروں کو ایک ساتھ نہیں دیکھنا چاہتے، اس لیے ایسا نہیں ہو پا رہا۔ثروت گیلانی نے چڑیلز اور قاتل حسیناوں کے نام جیسی ویب سیریز میں بھارتی پروڈیوسرز اور ہدایت کاروں کے ساتھ کام کرنے کے تجربے کو بہت ہی پیارا احساس قرار دیا اور کہا کہ اسی طرح مستقبل میں بھی ایسا ممکن ہے۔