جینا مرنا پاکستان

میرا جینا مرنا پاکستان کے ساتھ ہے، مریم باہر نہیں جائے گی، آپ کو جانا پڑے گا

لاہور (رپورٹنگ آن لائن) پاکستان مسلم لیگ(ن)کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ حکمران جماعت میں ٹکٹوں کی تقسیم پر ہر صوبے سے لوگ کھڑے ہو گئے ہیں،کیا 22سالہ جدوجہد میں ایک بھی ایسا انسان نہیں ملا جس کو آپ سینیٹ کا ٹکٹ دیتے، آپ نے کروڑ پتی اور ارب پتی لوگوں کو ٹکٹ دیے، جن لوگوں نے جماعت کے لیے کوئی جدوجہد نہیں کی انہیں کہا جا رہا ہے کہ اپنے پیسوں سے ٹکٹ خریدو،یوسف رضا گیلانی پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے متفقہ امیدوار ہیں،

عوام پر جو لوگ مسلط کیے جارہے ہیں، ہمیں عوام کا نمائندہ ہونے کی حیثیت سے ان کا راستہ روکنا ہے، مہنگائی سے مارے عوام میں اضطراب اور بے چینی ہے،پی ڈی ایم یا مسلم لیگ(ن)کو بیک ڈور رابطوں کی ضرورت نہیں ہے ۔لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یوسف رضا گیلانی پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے متفقہ امیدوار ہیں اور پی ڈی ایم نے یہ فیصلہ کیا تھا کہ وہ اپنے متفقہ امیدوار لائیں گے اور ایک دوسرے کو سپورٹ کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ اصل بات یہ ہے کہ عوام پر جو لوگ مسلط کیے جارہے ہیں، ہمیں عوام کا نمائندہ ہونے کی حیثیت سے ان کا راستہ روکنا ہے، مہنگائی سے مارے عوام میں اضطراب اور بے چینی ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ حکمران جماعت میں ٹکٹوں کی تقسیم پر ہر صوبے سے لوگ کھڑے ہو گئے ہیں اور جس طرح سے پیراشوٹ سے لوگوں نے لینڈ کیا ہے، کیا 22سالہ جدوجہد میں ایک بھی ایسا انسان نہیں ملا جو آپ کے ساتھ جدوجہد کررہا ہے اور آپ اس کو سینیٹ کا ٹکٹ دیتے۔

انہوں نے کہا کہ آپ نے کروڑ پتی اور ارب پتی لوگوں کو ٹکٹ دیے، اس کا کیا مطلب یہ ہے کہ جن لوگوں نے جماعت کے لیے کوئی جدوجہد نہیں کی انہیں کہا جا رہا ہے کہ اپنے پیسوں سے ٹکٹ خریدو۔ ان کا کہنا تھا کہ ہماری کوشش ہے کہ سنیٹ میں اچھے اور سیاسی لوگ آئیں، وہ لوگ آئیں جن کی سیاسی جدوجہد ہے، مجھے فخر ہے کہ مسلم لیگ(ن)میں سب کارکنوں کو ٹکٹ ملے ہیں اور ایسے لوگوں کو ٹکت ملے ہیں جو کروڑ پتی یا ارب پتی نہیں بلکہ سادہ سے کارکن اور مڈل کلاس سے تعلق رکھتے ہیں۔

مریم نواز نے کہا کہ مسلم لیگ(ن)نے عوام کی صحیح نمائندگی کا حق ادا کیا اور نوز شریف نے کسی ایسے ارب پتی شخص کو ٹکٹ نہیں دیا جو خرید و فروخت کا ماہر ہو، اصل تبدیلی یہ ہے۔ جب ان سے سوال کیا گیا کہ آصف علی زرداری نے سینیٹ الیکشن کے بعد تحریک عدم اعتماد پیش کرنے کے حوالے سے نواز شریف کو راضی کر لیا ہے تو مریم نواز نے جواب دیا کہ میں جو حالات دیکھ رہی ہوں، یہ نہ ہو کہ سینیٹ الیکشن کے دوران ہی عدم اعتماد ہو جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم کو توڑنے کے خواب دیکھنے والے خود بہت جلد ٹوٹیں گے اور ٹوٹتے ہوئے نظر آ رہے ہیں، یہ بات کافی نہیں ہے کہ صبح ٹکٹ دیتے ہیں اور شام میں واپس لے لیتے ہیں، اگلے دن پھر اپنی ہی جماعت کی جانب سے ایک عدم اعتماد آ جاتی ہے، اپوزیشن کم بول رہی ہے اور ان کی جماعت زیادہ بول رہی ہے۔

مسلم لیگ(ن)کی رہنما نے کہا کہ میرا صحت کا مسئلہ ہے جس کی وجہ سے میری ایک سرجری ہونی ہے جو پاکستان میں نہیں ہو سکتی لیکن میں اس حکومت سے بالکل نہیں کہوں گی کہ میرا نام ای سی ایل سے نکالے، مجھے اس ملک سے کہیں نہیں جانا، میرا جینا مرنا اس ملک کے ساتھ ہے، مریم باہر نہیں جائے گی، آپ کو جانا پڑے گا۔ انہوں نے ایک مرتبہ پھر اپنے سابقہ مقف کو دہراتے ہوئے کہا کہ بیک ڈور رابطوں کی ضرورت ان کو ہے جو اس وقت مشکل میں ہیں، پی ڈی ایم یا مسلم لیگ(ن)کو بیک ڈور رابطوں کی ضرورت نہیں ہے۔