لاہور(رپورٹنگ آن لائن) اداکار غلام محی الدین نے کہا کہ ہر باپ کی طرح میری بھی شدید خواہش ہے کہ میرا بیٹا علی محی الدین کامیابیوں کی منازل طے کرے،مجھے یقین ہے کہ میرا بیٹا علی مستقبل میں فلم انڈسٹری کیلئے اثاثہ ثابت ہوگا۔
ایک انٹرویو میں غلام محی الدین نے کہا کہ میں نے اپنے بیٹے پر کبھی بھی اپنی مرضی مسلط کرنے کی کوشش نہیں کی اور میں نے اسے اجازت دے رکھی ہے کہ وہ شعبے میں جانا چاہے اسے کوئی روک ٹوک نہیں۔
علی محی الدین شوبز کی دنیا میں آیا ہے اور میں اسے اپنے سے زیادہ کامیاب اداکار طور پر دیکھنا چاہتا ہوں اور باپ ہونے کی حیثیت سے میری دعا ہے کہ وہ زندگی کے جس میدان میں بھی جائے خدا اس کو کامیابیاں عطا کرے۔
انہوں نے کہا کہ اگر کسی میں ٹیلنٹ ہے تو اس کیلئے سفارش کرنا بری بات نہیں لیکن اگر کسی میں ٹیلنٹ نہیں تو اس کی سفارش کرنا دوسروں کی حق تلفی ہوتی ہے۔ میرے بیٹے میں بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے لیکن میں نے آج تک اس کے لئے سفارش نہیں کی اور مجھے یقین ہے کہ وہ اپنی صلاحیتوں کے بل بوتے پر اپنا راستہ خود بنائے گا۔