کراچی (رپورٹنگ آن لائن)میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے شہریوں بالخصوص اقلیتی برادری کے بنیادی حقوق کے تحفظ اور سہولیات کی فراہمی کی جانب ایک اہم قدم اٹھاتے ہوئے ضلع ملیر کی یونین کونسل چوکنڈی میں ہندو برادری کے مستحق خاندانوں کے لیے 100 سولر پاور گھروں کی تعمیر کا اعلان کیا ہے،
اس منصوبے کا اعلان میئر کراچی کے دورہ ملیر کے دوران کیا گیا جہاں انہوں نے جاری ترقیاتی منصوبوں اور شہری سطح پر عوامی فلاح کے اقدامات کا جائزہ لیا،میئر کراچی اس موقع پر پارٹی کے سینئر رہنماؤں اور مقامی نمائندوں کے ہمراہ تھے، انہوں نے علاقہ مکینوں سے براہِ راست ملاقات کی اور مجوزہ ہاؤسنگ منصوبے سمیت دیگر ترقیاتی اسکیموں سے آگاہ کیا، یہ منصوبہ جدید، پائیدار اور توانائی کے مؤثر استعمال پر مبنی رہائشی یونٹس پر مشتمل ہوگا جن میں سولر پاور سسٹمز نصب کیے جائیں گے تاکہ مستفید ہونے والے خاندانوں کی رہائشی اور توانائی کی ضروریات پوری کی جا سکیں،علاقہ مکینوں سے گفتگو کرتے ہوئے میئر کراچی نے شہر کے مستقبل سے متعلق حوصلہ افزا معلومات بھی فراہم کیں،
انہوں نے کہا کہ آئندہ برس کراچی کے لیے فنڈز میں اضافہ کیا جائے گا اور شہر کے انفراسٹرکچر کو بین الاقوامی معیار کے مطابق بنانے کے لیے متعدد میگا منصوبے شروع کیے جائیں گے جن میں سڑکیں، عوامی سہولیات، یوٹیلٹیز اور شہری انفراسٹرکچر شامل ہیں،میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت، صدرِ مملکت آصف علی زرداری، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور فریال تالپور کی عوامی خدمت اور کراچی میں فلاحی منصوبوں کے دائرہ کار کو وسعت دینے کے عزم کو اجاگر کیا، انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی مسلسل عوامی خدمت نے سیاسی پروپیگنڈے اور بے بنیاد تنقید کے مقابلے میں پارٹی کی استقامت اور سنجیدگی کو ثابت کیا ہے،
میئر کراچی نے کہا کہ یہ شہر ہمیشہ بھٹو کا رہا ہے اور آئندہ بھی رہے گا،انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اقلیتی برادری کے لیے سولر پاور گھروں کی تعمیر چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے جامع اور مساوی وژن کی عکاس ہے جس کے تحت ہر شہری کو بلا امتیاز مذہب اور بنیادی سہولیات، عزت اور تحفظ فراہم کرنا یقینی بنایا جا رہا ہے،یہ منصوبہ کے ایم سی اور پاکستان پیپلز پارٹی کی اُس وسیع تر حکمتِ عملی کا حصہ ہے .
جس کا مقصد کراچی کو ایک جدید، پائیدار اور ہمہ گیر میٹروپولیٹن شہر میں تبدیل کرنا ہے جہاں خصوصی توجہ رہائش، اقلیتی فلاح اور ماحول دوست اقدامات پر دی جا رہی ہے، میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے عوامی خدمات کی فراہمی میں تیزی، شہری سہولیات کی بہتری اور ایسے منصوبوں کے نفاذ کے عزم کا اعادہ کیا جو کراچی کے تمام شہریوں کے معیارِ زندگی کو بلند کریں گے۔








