لاہور(رپورٹنگ آن لائن)تاجر رہنما و پاکستان سٹون ڈویلپمنٹ کمپنی کے بور ڈ آف ڈائریکٹرز کے رکن خادم حسین نے حکومت کی مہنگی ایل این جی گیس خریدنے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایل این جی گیس کی خریداری کی قیمت کو خفیہ رکھنے کا سلسلہ ترک کیا جائے اور صاف و شفافیت کو قائم رکھنے کیلئے ایل این جی کے قیمت خرید سے عوام کو آگاہ کیا جائے انہوںنے کہا کہ مہنگی ایل این جی گیس کے باعث صنعتی شعبہ کو مہنگی گیس کی سپلائی کے ساتھ بجلی کے پرائیویٹ پاور پلانٹ کو مہنگی گیس کی سپلائی سے بجلی کی پیداوار مہنگی ہوگی ۔
مہنگی گیس سے بجلی مہنگی ہونے کے ساتھ ساتھ صنعتی شعبہ کی پیداواری لاگت بڑھے گی اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ سے مہنگائی میںمزید اضافہ ہوگا اس لیے حکومت مہنگی ایل این جی گیس کی خریداری ترک کرکے پاک ایران پائپ لائن منصوبہ مکمل کیا جائے کیونکہ ایران نے منصوبہ کے تحت گیس پائپ لائن پاکستانی سرحدوں تک بچھا دی ہے لیکن پاکستان کی طرف سے منصوبہ التواء کا شکار ہے ۔ ان خیالات کااظہار انہوںنے فیروز پور بورڈ کے تاجروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔خادم حسین نے کہا کہ گیس بحران طوالت کا شکار ہے اور سردیوں کے ساتھ ساتھ گرمیوں میں بھی صنعتی شعبہ کی گیس بند کردی جاتی ہے جس سے صنعتی شعبہ متاثر ہورہا ہے اس لیے پاک ایران گیس منصوبہ کے ساتھ ساتھ تاپی گیس پائپ لائن منصوبہ کو جلد پائیہ تکمیل تک پہنچایا جائے تاکہ صنعتوں کو ان کی ضروریات کے مطابق گیس مہیا ہوسکے ۔