شہباز شریف

مہنگائی کی شرح سنگل ڈیجٹ پر آگئی، آنیوالے دنوں میں مہنگائی مزید کم ہوگی،شہبازشریف

اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن ) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ مہنگائی کی شرح سنگل ڈیجٹ پر آگئی ہے ، امید ہے آنے والے دنوں میں مہنگائی کا گراف مزید کم ہوگا،پی ٹی آئی کے دور میں نفرت کا کلچر پروان چڑھا۔

ایک نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ مہنگائی کی شرح سنگل ڈیجٹ پر آگئی ہے اور بینکوں کا مارک اپ ریٹ بہتر ہوا ہے، آنے والے دنوں میں مہنگائی کا گراف مزید کم ہوگا۔ مہنگائی کو کم کرنے میں پوری ٹیم کی کوششیں شامل ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ حکومت کی بہتری کے لیے اقدامات کیے اور سفارشی کلچر کو ختم کرنے کی کوشش کی، معیشت کو ٹھیک کرنے کے لیے بھی دن رات محنت کی ہے لیکن ابھی مزید محنت درکار ہے۔شہباز شریف کا کہنا تھا کہ آہستہ آہستہ عوام کو بہتر معیشت کے ثمرات مل رہے ہیں۔وزیراعظم نے مزید کہا کہ جب ملک کی باگ دوڑ سنبھالی تو حالات انتہائی مشکل تھے ۔

سیاسی جھگڑوں سے نفرت پھیلتی ہے جو ملک کے لیے نقصان دہ ہے، پی ٹی آئی کے دور میں نفرت کا کلچر پروان چڑھا جس نے ملک کو نقصان پہنچایا۔ باہمی اتفاق و اتحاد سے ہی ملک کو ترقی دی جا سکتی ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ سرکاری افسران کو بھی دن رات محنت کرنا ہو گی۔ اور ملکی ترقی کے لیے اسٹیک ہولڈر کو خلوص نیت سے کام کرنا ہو گا۔ فوج ملکی سلامتی کے لیے جانوں کی قربانیاں دے رہی ہے۔