اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)سیکرٹری اطلاعات پیپلز پارٹی پارلیمنٹرینز شازیہ مری نے کہاہے کہ مہنگائی نے انسانی زندگی کو مشکلات کا شکار کردیا ہے ۔ اپنے بیان میں شازیہ مری نے کہاکہ غریب کیلئے بچوں کا پیٹ پالنا مشکل بن گیا ہے ، آٹا،چاول ،گھی اور دالوں کی قیمتیں غریب کی خریداری سے باہر ہیں۔
انہوںنے کہاکہ غریب کیلئے شوگر ،بلڈ پریشر اور دل کے مرض کی ادویات خرید کرنے کی سکت نہیں، اعلی تعلیم یافتہ نوجوان بیروزگاری کا عذاب جھیل رہے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ عمران خان خیراتی اداروں کے لنگر خانہ پر اپنی تصویر لگاکر خوش ہو رہے ہیں، نوجوانوں کو لنگر کھانے کا راستہ دکھانے کی بجائے روزگار دیا جائے ، عوام کو روزگار دینے کا منشور صرف بلاول بھٹو زرداری کا ہے۔