کراچی (رپورٹنگ آن لائن)متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے سینئر رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے خبردار کیا ہے کہ سندھ حکومت کی جانب سے ہیوی ٹریفک سے حادثات کی روک تھام نہ کی گئی، اور عوام کو ریلیف نہ دیا گیا تو حالات 1985 سے زیادہ خراب ہوسکتے ہیں۔
پریس کانفرنس کرتے ہوئے فاروق ستار نے کہا کہ سندھ حکومت کے ظلم اور ناانصافی کا سلسلہ جاری ہے، سندھ حکومت اقتدارکی آڑمیں بدعنوانی، مجرمانہ غفلت کامظاہرہ کررہی ہے، ایک لاوا پک رہا ہے، جو کسی وقت بھی پھٹ سکتا ہے۔سینئر متحدہ رہنما نے کہا کہ سندھ میں کہیں بھی آئین اور قانون کی حکمرانی نظر نہیں آرہی.
وزیراعلیٰ اور پیپلز پارٹی کیکسی رہنما نے ڈمپر مافیا کے خلاف بیان نہیں دیا، سندھ حکومت نے ڈمپر مافیا کو کھلی چھوٹ دی ہوئی ہے، ایک بار پھر پختون اور مہاجروں کو لڑانے کی کوشش کی جارہی ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ 100 سے زیادہ کراچی کے شہری ڈمپر اور کنٹینرز مافیا کی بھینٹ چڑھ کر اپنی جانیں گنوا چکے ہیں، شہر قائد کی موجودہ صورت حال بم کی طرح ہوگئی ہے، جو کسی وقت بھی وقت پھٹ سکتا ہے۔
فاروق ستار نے پریس کانفرنس کے دوران ایک سوال کے جواب میں کہا کہ چیئرمین مہاجر قومی موومنٹ آفاق احمد اگر بیان نا بھی دیتے تو بھی عوام میں بہت غم و غصہ موجود تھا، انہوں نے کہا کہ عوام کو کوئی ریلیف نا دیا گیا تو حالات 1985 سے زیادہ برے ہوسکتے ہیں۔