محمد جاوید قصوری

مٹھی بھر اشرافیہ ، چند گھرانوں نے پورے ملک کے وسائل پر قبضہ جما رکھا ہے’ جاوید قصوری

لاہور (رپورٹنگ آن لائن) امیر جماعت اسلامی پنجاب محمد جاوید قصوری نے ارکان پارلیمنٹ کی غیر حاضری کے حوالے سے جاری کردہ فافن کی رپورٹ جس میں انکشاف کیا گیا ہے کہ ”اراکین قومی اسمبلی مراعات لینے میں آگے ہیں جبکہ ایوان میں ہونے والے اجلاس میں حاضر نہیں ہوتے”پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ قومی اسمبلی 19 ویں اجلاس میں قومی اسمبلی کے 82 ارکان نے کسی بھی نشست میں شرکت نہیں کی اور اس میں وزیر اعظم میاں محمد شہباز شریف بھی شامل ہیں۔

فافن کے مطابق 216 ارکان کم از کم ایک نشست میں غیر حاضر رہے، جبکہ غیر حاضر ارکان میں سے صرف 50 نے رخصت کی درخواستیں جمع کرائیں، 166 ارکان بغیر کسی اطلاع کے غیر حاضر رہے۔ اس عمل سے حکمرانوں کی سنجیدگی کھل کر سامنے آ جاتی ہے۔وزراء کی عدم دلچسپی درحقیقت ان کی قومی ذمہ داری پر بڑا سوالیہ نشان ہے۔ان کا کہنا تھا کہ موقع پرستوں اور کرپٹ حکمرانوںنے لوٹ مار مچا رکھی ہے ، تمام سیاسی جماعتیں مسلم لیگ نون،پیپلز پارٹی اور پی ٹی آئی اپنے صوبوں میں حکومتیں کر رہی ہیں مگر وہاں کے عوام کی حالت زار پر کسی کی کوئی توجہ نہیں ، کوئی اپنے اقتدار کو طول دینے کے مصروف ہے تو کوئی اپنے لیڈر کی رہائی کے لئے ، ضرورت اس بات کی ہے کہ عوام کو درپیش مسائل کے حل پر توجہ دی جائے ۔

انہوں نے کہا کہ ملک کے اندر صرف اور صرف جماعت اسلامی ہی ہے جو عوام کی خاطر سٹرکوں پر ہے ، چاہے سیلاب ہو یا پھر مہنگائی کا طوفان جماعت اسلامی میدان میں موجود ہے ۔ محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ جب تک محب وطن قیادت ملک کو قوم کو میسر نہیں آتی ترقی ممکن ہے اور نہ ہی خوشحالی آسکتی ہے ۔ مٹھی بھر اشرافیہ ، چند گھرانوں نے پورے ملک کے وسائل پر قبضہ جما رکھا ہے ۔ یہ امریکی غلامی کے طوق کو گلے میں ڈالے حکومتیں کرنے والے غلام ابن غلام اصل میں فرسودہ نظام کے محافظ ہیں ان کے بعد ان کی اولادیں 25کروڑ عوام کی تقدیر کے مالک ہیں۔ ان سے نجات حاصل کرناہوگی ۔