اجتماعی زیادتی

موٹر وے پر خاتون کے ساتھ اجتماعی زیادتی کا واقعہ، شہباز شریف کی مذمت

لاہور(رپورٹنگ آن لائن)پاکستان مسلم لیگ(ن)کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے موٹر وے پر بچوں کے ہمراہ سفر کرنے والی خاتون کے ساتھ اجتماعی زیادتی کے واقعہ پر افسوس کا اظہار کیا ہے ،

سماجی رابطے کی سائیڈ ٹویٹر پر اپنے بیان میں شہباز شریف نے کہا کہ دلخراش واقعہ نہایت قابل مذمت، شرمناک اور افسوسناک ہے۔ یہ قومی شرمندگی اور قانون کی عمل داری کے پورے نظام کے مفلوج ہونے کا ثبوت ہے۔ وفاقی، پنجاب اور موٹر وے پولیس اسے ٹیسٹ کیس بنائیں اور ڈاکووں کو نہ صرف گرفتار کیاجائے بلکہ ذینب کیس کی طرز پر تحقیق وتفتیش کا معیار ایسا رکھا جائے تا کہ پراسیکیوشن کے مرحلے پر مجرم پر سزا سے نہ بچ پائیں۔ ایسے درندے کسی رعایت کے مستحق نہیں۔

سوال کا جواب دینا پڑے گا کہ موٹر وے جو محفوظ سفر کی علامت سمجھی جاتی تھی، وہ اتنی غیرمحفوظ کس کی نااہلی کی وجہ سے ہوئی؟ اب موٹر وے پر اپنے بچوں کے ہمراہ سفر کرنے والوں کے دل میں خوف پیدا ہوگا، اس کا ذمہ دار کون ہے؟ وقوع کی حدود پر جھگڑنے کے بجائے قانون نافذ کرنے والے ادارے مل کر مجرموں کو پکڑیں اور متاثرہ خاندان کو انصاف دلائیں تاکہ نظام پر عوام کا کچھ تو اعتماد بحال ہو۔ شہباز شریف نے متاثرہ خاندان سے ہمدردی اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انصاف کی فراہمی تک ان کے ساتھ کھڑے رہنے کا یقین دلاتے ہیں۔