آئوٹ ڈور ایونٹ 168

موسم گرم ہونے کی وجہ سے آئوٹ ڈور ایونٹ ممکن نہیں حکومت ایس او پیز کے ساتھ میرج ہالز کو آپریشنل ہونے کی اجازت دے’صدر لاہو رچیمبر

لاہور(رپورٹنگ آن لائن) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر میاں طارق مصباح اور نائب صدر طاہر منظور چودھری نے حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ میرج ہالز فوری طور پر کھولنے کی اجازت دے تاکہ نہ صرف اس شعبہ بلکہ اس سے وابستہ پچاس سے زائد دیگر صنعتوں ، لاکھوں افراد کے روزگار اور اربوں روپے کی سرمایہ کاری کو بچایا جاسکے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار میرج ہالز اور کیٹررز کے وفد سے لاہور چیمبر میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ لاہور چیمبر کے سابق سینئر نائب صدر علی حسام اصغر، لاہور میرج ہالز ایسوسی ایشن کے صدر میاں الیاس، لاہور چیمبر کی سٹینڈنگ کمیٹی کے کنوینر جنید احمد، اشفاق اشرف اور وفد کے دیگر اراکین نے بھی اس موقع پر خطاب کیا۔ لاہور چیمبر کے عہدیداروں نے وفد کو یقین دہانی کرائی کہ میرج ہالز ایسوسی ایشن کی سفارشات نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کو بھجوائی جائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ میرج ہالز نہ صرف ٹیکس فراہمی کا بڑا ذریعہ ہیں بلکہ لاکھوں افراد کا بالواسطہ اور بلاواسطہ روزگار بھی اس سے منسلک ہے۔ انہوں نے کہا کہ لاہور میں کرونا کی شرح ایک فیصد ہوگئی ہے، یہ واحد سیکٹر ہے جو لاک ڈائون کی وجہ سے سب سے زیادہ بند رہا۔ انہوں نے کہا کہ موسم شدید گرم ہونے کی وجہ سے آئوٹ ڈور ایونٹ ممکن نہیں لہذا حکومت ایس او پیز کے ساتھ میرج ہالز کو آپریشنل ہونے کی اجازت دے۔ اجلاس کے شرکا نے کہا کہ پولٹری، چاول، گوشت، کوکنگ آئل، آٹا، پھلوں، سبزیوں، کراکری، ملبوسات، کاسمیٹکس ، فرنیچر اور جیولری سمیت پچاس سے زائد صنعتیں میرج ہالزسے وابستہ ہیں ، اگر بندش کا فیصلہ واپس نہ لیا گیا تو ان تمام صنعتوں کو بھاری نقصان ہوگا، حکومت کو میرج ہالز فورا کھولنے چاہئیں وگرنہ مجموعی طور پر معیشت کو بھاری نقصان پہنچے گا۔

انہوں نے کہا کہ طویل لاک ڈائون نے پہلے ہی میرج ہالز سیکٹر کو بہت بری طرح متاثر کیا، حکومت میرج ہالز کو کام کرنے کی اجازت دیکراس سیکٹر کی بحالی کی طرف قدم اٹھائے۔انہوں نے کہا کہ میرج ہالز تمام ایس او پیز پر انتہائی سختی سے عمل درآمد کرتے ہیں، امید ہے کہ حکومت معیشت اور میرج ہالز کے وسیع تر مفاد میں انہیں فوری طور پر کھولنے کی اجازت دے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں