اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن ) وزیر مملکت فرخ حبیب نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان موسمیاتی تبدیلی پر کام کرنے کے حوالے سے عالمی لیڈر بن کر ابھرے ہیں، عالمی ادارے بھی وزیراعظم عمران خان کی ان کاوشوں کے معترف ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیر مملکت فرخ حبیب نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ یواین نے10 سال میں درجہ حرارت شدید بڑھنے کی ریڈوارننگ دی ہے ، وزیراعظم عمران خان شجر کاری مہم کی خود قیادت کررہے ہیں ، لاہوراربن میاوا کی ،(آج )لال سوہانرابہاولپورمیں ڈرون شجرکاری ہوگی۔
فرخ حبیب کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان موسمیاتی تبدیلی پر کام کرنے کے حوالے سے عالمی لیڈر بن کر ابھرے ہیں، عالمی ادارے بھی وزیراعظم عمران خان کی ان کاوشوں کے متعرف ہیں جبکہ بلین ٹری منصوبہ کو اقوام متحدہ ، ورلڈ اکنامک فورم، بون چیلنج میں پذیرائی حاصل ہوئی۔
وزیر مملکت نے مزید کہا کہ پچھلے 10 سال میں 300 فیصد اضافہ کیساتھ پاکستان دنیا میں واحد ملک بن گیا ہے، جہاں سب سے زیادہ مینگروز جنگلات کی نشونما ہورہی ہے، ان کی حفاظت اور نشونما کرنے کے لئے بڑی تعداد میں وہاں کے پرانے مقامی لوگوں کے لئے گرین نوکریوں کے مواقع بھی مل رہے ہیں۔