شیری رحمان 47

مودی کے نقشِ قدم پر چلتے بھارتی کرکٹرز نے کھیل کو نفرت کی نذر کر دیا، شیری رحمان

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)نائب صدر پیپلز پارٹی سینیٹر شیری رحمان نے بھارت کی جانب سے لیجنڈز کرکٹ لیگ میں پاکستان کے خلاف کھیلنے سے انکار پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ مودی کے نقشِ قدم پر چلتے بھارتی کرکٹرز نے کھیل کو نفرت کی نذر کر دیا، میدانِ جنگ میں شکست، سفارت کاری میں ناکامی، اور اب کھیل سے فرار بھارت ہر محاذ پر شرمندگی کا سامنا ہے۔

انہوںنے کہاکہ بھارتی کھلاڑیوں کا نفرت اور تعصب سے آلودہ طرزِ عمل ان کی مودی پرست ذہنیت کی عکاسی کرتا ہے، کھیل تو امن، رواداری اور باہمی احترام کے پیغامبر ہوتے ہیں، مگر بھارت نے یہاں بھی تنگ نظری کا مظاہرہ کیا۔

انہوںنے کہاکہ پاکستان کا نام سنتے ہی مودی سرکار کے اعصاب جواب دے جاتے ہیں، اور ان کے کھلاڑی میدان سے راہِ فرار اختیار کر لیتے ہیں۔ شیری رحمن نے کہاکہ کھیل کے بجائے نفرت کے ایجنڈے پر کاربند بھارتی رویہ خطے کے امن اور اسپورٹس مین شپ کے لیے خطرہ ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں