برجیس طاہر

مودی ناقابل اعتبار،مسئلہ کشمیر قراردادوں سے حل کیا جائے، چوہدری برجیس طاہر

ننکانہ صاحب(رپورٹنگ آن لائن)پاکستان مسلم لیگ(ن)کے مرکزی نائب صدر، سابق گورنر اور وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان چوہدری محمد برجیس طاہر نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی ایک ناقابل اعتبار شخصیت ہیں، جن کی پالیسیوں نے نہ صرف خطے کا امن خطرے میں ڈالا بلکہ عالمی سطح پر بھارت کو تنہا کر دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان آرمی نے بھارت کی سابقہ حماقتوں کا منہ توڑ جواب دے کر دشمن کو واضح پیغام دے دیا ہے کہ وہ کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دینے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ “لاتوں کے بھوت باتوں سے نہیں مانتے” اور پاک فوج نے عملی طور پر اس کا ثبوت دیا ہے۔ چوہدری برجیس طاہر نے آپریشن بنیان المرصوص کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس نے پوری قوم اور افواج پاکستان کو ایک پلیٹ فارم پر متحد کر دیا ہے.

جو قومی سلامتی اور اتحاد کی ایک بہترین مثال ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ اگر امریکہ کے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ثالثی سے مسئلہ کشمیر کا پرامن حل نکلتا ہے تو اسے سنجیدگی سے لیا جانا چاہیے، تاہم فیصلہ کشمیری عوام کی امنگوں اوراقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق فوری حل ہونا چاہیے۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان مسئلہ کشمیر کے پرامن حل کا خواہاں ہے لیکن قومی خودمختاری اور عزت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

انہوں نے سندھ طاس معادے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پانی ہماری ریڈ لائن ہے پانی کے بغیرموت ہے،دشمن کسی بھول میں نہ رہے ۔برجیس طاہرنے اپنے دوست ممالک چین،ترکی آذربائیجان اور ہمسائیہ ممالک کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے دوران جنگ پاکستان کا ساتھ دیا انہوں نے پاک فوج کی قربانیوں کو سراہتے ہوئیاپنے جوانوں شہداوطن اورسپہ سالار وطن کو سلام پیش کیا۔

اس موقع پرمقامی میڈیا نمائندگان سمیت تحصیل صدرمسلم لیگ ن میاں اعظم شریف۔کوآرڈینیٹرپی پی 132چوہدری علی طارق چیمہ،کوآرڈینیٹراین اے 111 چوہدری محمد عاصم رندھاوا ،کوآرڈینیٹر لیسکوچوہدری عبدالجباراپل سمیت اہل علاقہ اور کارکنوں کی کثیرتعداد موجود تھی۔