فردوس عاشق اعوان

مودی سرکار نے پلوامہ طرز کا ڈرامہ رچانے کی کوشش کی تو اسے ایک بار پھر منہ کی کھانی پڑے گی’فردوس عاشق اعوان

لاہور(رپورٹنگ آن لائن)استحکامِ پاکستان پارٹی کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے مقبوضہ کشمیر میں جعلی مقابلوں اور پاکستان پر الزام تراشیوں پر اپنے رد عمل میں کہا ہے کہ بھارت فالس فلیگ آ پریشن کی منصوبہ سازی کے بجائے مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرے اور مقبوضہ وادی میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں بند کرے ۔

انہوں نے کہاکہ بھارت نے اگر پھر پلوامہ طرز کا کوئی ڈرامہ رچایا تو اس بار بھی پاکستان کی بہادر مسلح افواج کی جانب سے دشمن کو دندان شکن جواب دیا جائے گا، ہمیں اپنی عظیم فوج پر فخر ہے ،پوری پاکستانی قوم وطن کے محافظوں کے ساتھ ڈٹ کر کھڑی ہے، پاکستان دشمن کی کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔

انہوں نے کہاکہ اگر مودی سرکار نے جعلی فالس فلیگ آ پریشن کی غلطی دہرائی تو اس بار چائے کے ساتھ ساتھ کھانے اور قیام کا بھی مکمل بندوبست کیا جائے گا۔ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ مقبوضہ کشمیر میں نہتے معصوم کشمیریوں کو جعلی مقابلوں میں شہید کرنے پر دنیا کو سخت ردعمل دینا چاہیے۔