لاہور(رپورٹنگ آن لائن)آل پاکستان انجمن تاجران کے مرکزی صدر اشرف بھٹی نے کہا ہے کہ موجودہ مشکل حالات پر تشدد احتجاج اور ہڑتالے کے متحمل نہیں ہو سکتے ،ملک میں معاشی طو ر پر جو بیگاڑ پیدا ہو گیا ہے وہ احتجاج سے ٹھیک نہیں ہوگا بلکہ اس کے لئے ہمیں ایک قوم بن کر اس کا حل نکالنا ہوگا،پارلیمنٹ کے اندر اور باہر موجود سیاسی جماعتوں سمیت تمام اسٹیک ہولڈرز ملک کو دلدل سے باہر نکالنے کے لئے ایک سوچ اپنائیں ،میثاق معیشت ناگزیر ہو چکا ہے ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے گوجرانوالہ اور فیصل آباد سے تعلق رکھنے والے تاجروں کے نمائندہ وفد سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر سرپرست اعلی ظہیر بابر،مرکزی جنرل سیکرٹری محبوب علی سرکی،لاہور کے صدر میاں طارق فیروز،سینئر نائب صدور لاہور شیخ اختر،رفعت سنی ،نائب صدور لاہورمرزا اطہر بیگ،چوہدری نوید ، جنرل سیکرٹری نعیم بادشاہ ،لاہورکے سینئر وائس چیئرمین ملک ناظم ،شہزاد بھٹی سمیت دیگر بھی موجود تھے۔
اشرف بھٹی نے کہا کہ غیر ملکی قرضوں سے چھٹکارا اور مضبوط معیشت پاکستان کی بقاء کی ضمانت ہے اس لئے سب کو اپنی انا اور ضد چھوڑ کر ایک میز پر بیٹھنا چاہیے ،تمام پالیسیوں کا از سرنو جائزہ لے کر ترجیحات کا تعین کرنا ہوگا ۔اگرپاکستان کے دفاع کو مضبوط بنانا ہے تو معیشت کی ترقی پر توجہ مرکوز کرنا ہو گی ۔
انہوں نے کہا کہ غیر ملکی قرضوں سے چھٹکار ا حاصل کرنے کیلئے متفقہ قومی پالیسی بنانا ہو گی ، قرضے اتارنے کیلئے اب پہلے اشرافیہ قربانی دے اس کے بعد غریب عوام سے کوئی تقاضہ کیا جائے ۔