کراچی (رپورٹنگ آن لائن)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ نے موجودہ ملکی و عالمی صورتحال پر عادل ہائوس پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ وطن عزیز کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے قومی اتحاد ناگزیر ہو چکا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ملک میں سیاسی استحکام کی اشد ضرورت ہے اور پی ٹی آئی جیسی بڑی جماعت کو دیوار سے لگانے کے بجائے قوم کو متحد کرنے کی حکمت عملی اپنائی جائے۔ انہوں نے زور دیا کہ قوم کو فارم 47 کی جعلی حکومتوں سے کوئی امید نہیں، عوامی مینڈیٹ چوری کیا گیا ہے، جسے واپس کیا جانا چاہیے۔
اقتدار عوام کے اصل نمائندوں کے حوالے کیے بغیر ملک آگے نہیں بڑھ سکتا۔حلیم عادل شیخ نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی فوری رہائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان صرف پاکستان ہی نہیں بلکہ پورے عالم اسلام کے عظیم رہنما ہیں، جنہیں بے بنیاد مقدمات میں قید رکھا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ احتجاج دو ہفتوں کے لیے معطل کرنا عمران خان کی دوراندیشی اور قربانی کا ثبوت ہے، جو قومی مفاد میں لیا گیا ایک بڑا فیصلہ ہے۔ پاکستان کی عوام عمران خان کے ساتھ ہے اور ان کی رہائی کے لیے ہر فورم پر آواز بلند کی جائے گی۔
پی ٹی آئی سندھ کے صدر نے اسرائیل کی جانب سے ایران پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اسلام دشمن اسرائیل اپنی دہشتگردی سے باز آجائے ورنہ انجام بہت برا ہوگا۔ حلیم عادل شیخ نے کہا کہ اسلامی دنیا کو اب ایک پلیٹ فارم پر متحد ہوکر اسرائیلی بربریت کا مقابلہ کرنا ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ اسرائیل کے خلاف ایران کی جنگ میں پاکستانی قوم ان کے ساتھ کھڑی ہے۔ وقت آ چکا ہے کہ اسلامی ممالک ایک مشترکہ دفاعی پالیسی مرتب کریں تاکہ دنیا بھر میں مسلمانوں پر ہونے والے مظالم کا بھرپور جواب دیا جا سکے۔
حلیم عادل شیخ نے کہا کہ اس وقت دنیا پر دوسری عالمی جنگ کے بادل منڈلا رہے ہیں، اور ایسی نازک صورتحال میں پاکستان کو ایک مستحکم، باوقار اور عوامی قیادت کی ضرورت ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اسلام دشمن قوتیں پاکستان کو کمزور کرنا چاہتی ہیں، لہذا ہمیں اندرونی طور پر متحد اور مضبوط ہونا ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک میں آئین اور قانون کی بالادستی قائم کیے بغیر ترقی اور خودمختاری کا خواب شرمند تعبیر نہیں ہو سکتا۔