عمران اسماعیل

موجودہ دور حکومت میں معیشت کے ہر شعبے میں ترقی ہوئی ہے ، عمران اسماعیل

اسلام آ باد (رپورٹنگ آن لائن ) گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ موجودہ دور حکومت میں معیشت کے ہر شعبے میں ترقی ہوئی ہے، پاک قطر برادرانہ تعلقات مثالی اور قابل فخر ہیں ، قطر نے ہر مشکل گھڑی میں پاکستان کی سفارتی اور اخلاقی مدد کی جسے پوری قوم قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے ۔

پیر کو اسٹیٹ آف قطر کے قونصل جنرل مشال ایم الانصاری نے گورنر ہاوس میں گورنر سندھ عمران اسماعیل سے ملاقات کی جس میں دوطرفہ تعلقات ، تجارت ، سرمایہ کاری ، مشترکہ منصوبوں سمیت دیگر اہمیت کے حامل معاملات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ عمران اسماعیل نے کہا کہ پاک قطر برادرانہ تعلقات مثالی اور قابل فخر ہیں ، قطر نے ہر مشکل گھڑی میں پاکستان کی سفارتی اور اخلاقی مدد کی جسے پوری قوم قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے ، موجودہ حکومت کے دور میں معیشت کے ہر شعبہ میں ترقی ہوئی ہے۔

گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا کہ نجی سیکٹر کے فعال کردار سے لوگوں کو روزگار کے وسیع مواقع دستیاب ہو رہے ہیں جس سے غربت کے خاتمہ میں مدد مل رہی ہے ، کراچی ملک کا معاشی و تجارتی حب اور خطے کا اہم شہر ہے ، کراچی میں سرمایہ کاری کے لئے حالات نہایت سازگار ہیں،قطر کے سرمایہ کار ان مواقعوں سے فائدہ اٹھائیں۔ قونصل جنرل قطر مشال ایم الانصاری نے کہا کہ پاک قطر تعلقات خلوص اور اخوت پر قائم ہیں جو وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ مزید مستحکم ہو رہے ہیں ، مختلف شعبوں میں مزید سرمایہ کاری کے لئے قطر کے سرمایہ کار بھرپور دلچسپی رکھتے ہیں۔