سنیٹرسراج الحق

موجودہ حکومت نے کشمیر فروخت کر دیا ہے، قادیانیت کی سہولت کاری کی جا رہی ہے،سنیٹرسراج الحق

حیدرآباد(رپورٹنگ آن لائن)امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت نے کشمیر فروخت کر دیا ہے، قادیانیت کی سہولت کاری کی جا رہی ہے، جب تک ملک میں لوٹوں، نوٹوں اور بوٹوں کی حکمرانی ہوگی پاکستان ترقی نہیں کر سکتا، پی ڈی ایم اور پی ٹی آئی میں اقتدار کی جنگ جاری ہے عوام کے لئے ان کی کوئی پالیسی نہیں ہے، سینٹ کے ٹکٹ میرٹ نہیں مفادات کی بنیاد پر دیئے جا رہے ہیں۔

امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے مٹیاری میں پاکستان مشائخ کونسل کے مرکزی صدر پیر غلام مجدد سرہندی، سندھ آبادگار بورڈ کے مرکزی رہنما سید ندیم شاہ سے ملاقات کی، اسد اللہ بھٹو ایڈوکیٹ اور محمد حسین محنتی بھی ان کے ساتھ تھے۔

سرہندی ہائوس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح کی رحلت کے بعد اس ملک پر اب تک انگریزوں کا نظام ہی عائد ہے جن لوگوں نے انگریزوں کے گھوڑے مالش اور بوٹ پالش کئے ان کی اولادیں اس ملک کی سیاست پر قابض ہیں، موجودہ حکومت میں نواز لیگ اور پیپلز پارٹی سے بھی زیادہ کرپشن ہوئی ہے، یہاں پی ٹی آئی حکومت میں وہی لوگ شامل ہیں جنہوں نے پیپلزپارٹی کی حکومتوں میں کرپشن کے ریکارڈ بنائے تھے، انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کسی بھی قسم کی کرپشن کو برداشت نہیں کرے گی اس حوالے سے ہم نے تحریک کا آغاز کیا ہے اس سلسلے میں 26 فروری کو بہاولپور میں تاریخی جلسہ کیا جائے گا۔

اس موقع پر میزبان پیر غلام مجدد سرہندی کی طرف سے امیر جماعت اسلامی سراج الحق، امیر جماعت اسلامی سندھ محمد حسین محنتی سمیت وفد میں شامل دیگر رہنمائوں کو سندھی لونگی اور اجرک کے تحائف پیش کیے گئے جس کے بعد وہ مٹیاری کے قریب کوٹ ستار ڈنو شاہ روانہ ہو گئے۔