احسن اقبال

موجودہ حکومت نوجوان اور طلباءدشمن پالیسیز بنا رہی ہے، ہائر ایجوکیشن کو تباہ کر دیا ہے، احسن اقبال

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن) سیکرٹری جنرل مسلم لیگ نون احسن اقبال نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت نوجوان اور طلباءدشمن پالیسیز بنا رہی ہے، ہائر ایجوکیشن کو تباہ کر دیا ہے، ملک بھر کی جامعات سے ریسرچ کے نظام کو بند کر دیا گیا ہے اور جامعات کی فنڈنگ ختم کر دی گئی ہے، حکومت نے بلوچستان اور سابقہ فاٹا کے طلباءکے اسکالر شپ پروگرام میں سیٹوں کو کم کر کے دہشت گردی اور پسماندگی سے متاثرہ نوجوانوں پر ظلم ڈھایا ہے، فی الفور سیٹوں کو بحال کیا جائے۔

جمعرات کو سیکرٹری جنرل مسلم لیگ نون احسن اقبال نے اسلام آباد میں طلباءکے احتجاج میں شرکت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت پاکستان کے مستقبل کے ساتھ کھیل رہی ہے اور بدقسمتی سے حکومت نوجوان اور تعلیم دشمن پالیسیز پر چل رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج فاٹا اور بلوچستان کے طلباءسے یکجہتی کےلئے آیا ہوں جبکہ نون لیگ حکومت نے فاٹا اور بلوچستان کے طلباءکےلئے خصوصی سکالر شپ پروگرام شروع کیا تھا، سکالر شپ کا مقصد طلباءکو تعلیم کا موقع فراہم کرنا تھا اور انقلابی منصوبے کے تحت ہزاروں طلباءتعلیم حاصل کر رہے ہیں لیکن موجودہ حکومت نے اس منصوبے کو رول بیک کیا، حکومت سے کہوں گا کہ طلباءکے مستقبل کے ساتھ کھیلنے سے گریز کرے۔

احسن اقبال نے کہا کہ ملک کے کسی علاقے کا اتنا نقصان نہیں ہوا جتنا سابقہ فاٹا کا ہوا ہے، حکومت سے گزارش ہے کہ ان کو تعلیم سے آراستہ کرے تا کہ فاٹا میں امن و خوشحالی آئے، طلباءکے سیٹوں میں کمی سابقہ فاٹا اور بلوچستان کے حقوق پر ڈاکہ ہے، مطالبہ کرتا ہوں کہ ہائر ایجوکیشن کے تحت تمام سکالر شپس کو بحال کیا جائے ۔

انہوں نے کہا کہ سیاسی مداخلت کر کے ہائر ایجوکیشن کو تباہ کر دیا گیا ہے، ملک میں جامعات کی ریسرچ کےلئے حکومت کی فنڈنگ نہ ہونے کے برابر ہو گئی ہے، ریسرچ کا نظام بند کر دیا گیا ہے۔ احسن اقبال نے کہا کہ مسلم لیگ نون اور پی ڈی ایم طلباءکے ساتھ ہیں اور ہر فورم میں آواز بلند کریں گے، عمران نیازی سے درخواست کریں گے کہ طلباءکی سیٹوں کو بحال کیا جائے تا کہ نوجوانوں ڈاکٹرز اور انجینئرز بنیں اور پسماندہ رہ جانے والے صوبے اور علاقوں میں ترقی کو فروغ دیا جائے۔