محمد جاوید قصوری 40

موجودہ حکمرانوں کے پاس ملک چلانے کیلئے اہلیت، صلاحیت اور قابلیت نہیں ‘جاوید قصوری

لاہور (رپورٹنگ آن لائن)امیر جماعت اسلامی پنجاب محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ ملکی اداروں کی مسلسل تباہ حالی اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ موجودہ حکمرانوں کے پاس ملک چلانے کے لئے اہلیت، صلاحیت اور قابلیت نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ کرپشن، نااہلی اور غلط پالیسیوں نے پاکستان کے مضبوط اداروں کو کھوکھلا کر دیا ہے اور اب رہی سہی کسر بے دریغ نجکاری نے پوری کر دی ہے۔محمد جاوید قصوری کا کہنا تھا کہ منافع بخش قومی اداروں کو اونے پونے فروخت کرنا دراصل قومی اثاثوں کی لوٹ مار کے مترادف ہے۔ یہ نجکاری عوامی مفاد میں نہیں بلکہ مخصوص طبقے کو فائدہ پہنچانے کے لیے کی جا رہی ہے، جس کا خمیازہ عام شہری کو مہنگائی، بے روزگاری اور معاشی بدحالی کی صورت میں بھگتنا پڑ رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کی ناقص معاشی پالیسیوں کے باعث روزمرہ استعمال کی اشیاء عوام کی پہنچ سے باہر ہو چکی ہیں۔امیر جماعت اسلامی پنجاب نے کہا کہ ملک میں بے روزگاری خطرناک حد تک بڑھ چکی ہے، نوجوان مایوسی اور اضطراب کا شکار ہیں جبکہ حکومت کے پاس روزگار فراہم کرنے کے لیے کوئی ٹھوس منصوبہ موجود نہیں۔ تعلیم یافتہ نوجوان ڈگریاں ہاتھ میں لیے در در کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہیں، جو ایک سنگین قومی المیہ ہے۔انہوں نے کہا کہ لاقانونیت اور بدامنی میں اضافہ حکومت کی رٹ ختم ہونے کا ثبوت ہے۔

چوری، ڈکیتی، اغوا اور دیگر جرائم روز کا معمول بن چکے ہیں جبکہ قانون نافذ کرنے والے ادارے سیاسی دباؤ کے باعث آزادانہ طور پر اپنا کردار ادا کرنے سے قاصر ہیں۔ عوام خود کو غیر محفوظ محسوس کر رہے ہیں اور انصاف کا حصول مشکل سے مشکل تر ہوتا جا رہا ہے۔محمد جاوید قصوری نے کہا کہ جماعت اسلامی ملک میں شفاف، دیانتدار اور عوام دوست نظام کے قیام کے لیے جدوجہد کر رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کرپشن سے پاک نظام، مضبوط ادارے اور اسلامی اصولوں پر مبنی معیشت ہی پاکستان کو بحرانوں سے نکال سکتی ہے۔ عوام نااہل اور کرپٹ حکمرانوں کو مسترد کر کے جماعت اسلامی کا ساتھ دیں تاکہ ملک کو ایک محفوظ، خوشحال اور خودمختار مستقبل کی طرف لے جایا جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں