طارق فضل چوہدری

موجودہ حالات میں قومی اتفاقِ رائے کی اشد ضرورت ہے،طارق فضل چوہدری

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)وفاقی وزیر ن لیگی رہنما طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ موجودہ حالات میں قومی اتفاقِ رائے کی اشد ضرورت ہے،دہشت گردی کے خلاف جنگ میں 93 ہزار سے زائد شہادتیں ہو چکی ہیں،احتجاج اور یلغار سے کسی قیدی کو رہا نہیں کرایا جاسکتا،اپوزیشن کا رویہ غیر سنجیدہ اور مایوس کن تھا، دشمن چاہتا ہے کہ ملک میں دیرینہ استحکام نہ آئے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہاکہ عسکری قیادت نے ارکان سیاسی قیادت کو سیکیورٹی کی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی،اس میٹنگ کا مقصد قومی اتفاق رائے پیدا کرنا تھا۔ انہوںنے کہاکہ ہمارے پڑوس اور اس سے دور طاقتیں پاکستان کو عدم استحکام کا شکار کرنا چاہتے ہیں،دہشتگردی کا شکار صرف اسلامی ممالک ہی ہو رہے ہیں۔

انہوںنے کہاکہ پاکستان ایٹمی قوت نہ ہوتا تو ہمارا حال بھی ان ممالک سے مختلف نہ ہوتا،ہم دہشتگردی کی جنگ میں 93000 شہادتیں ہو چکی ہیں۔ انہوںنے کہاکہ دہشتگردی کی جنگ لڑنا حکومت کی ذمہ داری ہے لیکن اس میں اپوزیشن کا بھی کردار ہے،اپوزیشن کا رویہ انتہائی مایوس کن ہے،پاکستان کا استحکام ہم سب کی ضرورت ہے۔انہوںنے کہاکہ ہماری افواج اور ہمارے ادارے دہشتگردی کی جنگ لڑ رہے ہیں،ہم وسائل بھی مہیا کر رہے ہیں اور ہم یہ جنگ جیتیں گے،ہمیں بیرونی سے زیادہ اندرونی چیلنجز ہیں،ہمیں اس طرح کے فتنہ فساد کسی صورت قابل قبول نہیں۔

انہوںنے کہاکہ ہمیں حکومت اور اپوزیشن میں رہتے ہوئے ریاست کے خلاف نہیں جانا چاہیے۔ انہوںنے کہاکہ عمران خان نے حکومت میں رہتے ہوئے چین، سعودی عرب سمیت دوست ممالک کو ناراض کیا۔انہوںنے کہاکہ آج عمران خان اپنی رہائی کے لیے امریکہ کی جانب دیکھ رہے ہیں،ہمیں عمران خان کے بیانیے سے سروکار نہیں، ہم اپنی ذمہ داری ادا کر رہے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ پی ٹی آئی پاکستان مخالف ایجنڈے پر کام کر رہی ہے،جو ممالک تباہ ہوئے پہلے انکی حفاظت پر مامور اداروں کو تباہ کیا گیا،اسی طرح کی صورتحال کا سامنا پاکستان کو بھی ہے۔