لاہور(رپورٹنگ آن لائن )آل پاکستان انجمن تاجران کے مرکزی صدر اشرف بھٹی نے کہا ہے کہ موجودہ اتحاد و یگانگت کا ماحول میثاق معیشت کرنے کا بہترین موقع ہے جسے ضائع نہیں کرنا چاہیے ،دفاعی میدان میں کامیابی کے بعد اب معاشی میدان میں بھی بر ق رفتاری سے پیشرفت کی جائے ۔
اپنے بیان میں اشرف بھٹی نے کہا کہ موجودہ حالات میں پاکستان کے تمام ادارے ایک پیج پر ہیں ، عوام بھی کسی سیاسی تفریق کے بغیر متحد ہیں جس کا بھرپور فائدہ اٹھایا جائے، حکومت میثاق معیشت پر پیشرفت کرتے ہوئے ابتدائی مشاورت کے بعد اس کے مسودے کو پارلیمنٹ میں لے کر آئے ۔
انہوںنے کہاکہ پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے لئے سیاسی استحکام نا گزیر ہے ، سیاسی جماعتیں جمہوریت کے دائرے میں رہتے ہوئے ایک دوسرے کی مخالفت ضرور کریں لیکن یہ پاکستان اور معیشت کی قیمت پر نہیں ہونی چاہیے ۔
اشرف بھٹی نے کہا کہ پاکستانی افواج نے بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جوا ب دے کر ثابت کر دیا کہ جنگیں جذبے کی بنیاد پر لڑی جاتی ہیںاور دنیا کی کوئی طاقت پاکستانی افواج اور قوم کے اخلاص سے بھرپور جذبے کو شکست نہیں دے سکتی ۔