جیا بچن

منی پورواقعہ پر بہت شرمندگی ہوئی ہے،جیا بچن

ممبئی (رپورٹنگ آن لائن)بالی ووڈ کی سینئر اداکارہ اور سیاستدان جیا بچن نے بھارتی ریاست منی پور میں نسلی فسادات کے دوران 2 خواتین کے ساتھ انسانیت کو شرما دینے والے واقعے پر بھارتی حکومت کی طرف سے خاموشی پر سخت تنقید کی ہے۔

جیا بچن نے بھارتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پوری دنیا میں اس افسوسناک واقعے پر بات کی جا رہی ہے جبکہ ہمارے دیش میں اس بارے میں کوئی بات نہیں ہو رہی۔اْنہوں نے کہا کہ مجھے اس واقعے پر بہت شرمندگی محسوس ہوئی۔جیا بچن نے بھارتی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ حکومت اس معاملے پر بات کرنا ہی نہیں چاہتی، پارلیمنٹ ہاو?س میں بیٹھ کر حکومت صرف اپنی مضبوط اپوزیشن کے خلاف بات کرتی ہے۔

اْنہوں نے کہا کہ جن ریاستوں میں بھارتی حکومت کی پوزیشن مضبوط ہے وہاں کیا ہو رہا ہے، اس بارے میں بات نہیں کی جاتی۔جیا بچن نے اپنی بات مکمل کرتے ہوئے کہا کہ یہی صورتحال رہی تو جو کچھ حکومت کے پاس بچا ہے وہ بھی نہیں رہے گا۔واضح رہے کہ بھارتی ریاست منی پور میں نسلی فسادات کے دوران 2 خواتین کو برہنہ کر کے سر عام گھمانے اور مبینہ طور پر اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنانے کی وائرل ویڈیو سامنے آئی تھی۔

بھارتی ریاست منی پور میں نسلی فسادات کے دوران خواتین کے ساتھ کیے جانے والے شرمناک سلوک پر اب تک بھارتی فلم انڈسٹری کی کئی نامور شخصیات برہمی کا اظہار کر چکی ہیں۔