اسحاق ڈار 260

منی لانڈرنگ کیس‘ ایف آئی اے کا اسحاق ڈار کے اقبالی بیان کو شہباز شریف کیخلاف بطور گواہی پیش کرنے کا فیصلہ

لاہور(رپورٹنگ آن لائن)وفاقی تحقیقاتی ادارے ( ایف آئی اے )نے منی لانڈرنگ کیس میں اسحاق ڈار کے اقبالی بیان کو شہباز شریف کیخلاف بطور گواہی پیش کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق منی لانڈرنگ کیس میں ایف آئی اے نے اپوزیشن شہباز شریف کیس ثابت کرنے کیلئے ایک اور اقدام اٹھاتے ہوئے اسحاق ڈار کے اقبالی بیان کو شہباز شریف کیخلاف بطور گواہی پیش کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ایف آئی اے نے چالان میں کہا کہ اسحاق ڈار نے شہباز شریف کیخلاف اقبالی بیان دیا، پاناما جے آئی ٹی میں بھی اسحاق ڈار کے بیان کو بطور ثبوت پیش کیا گیا۔

چالان میں کہا گیا کہ اسحاق ڈار کے بیان کے مطابق شہبازشریف نے ایک بےنامی اکاونٹ کھولاتھا، اکاونٹ صدیقہ سید محفوظ ہاشم کے نام سے کھلوایا گیا تھا، شہباشریف نے بےنامی اکاونٹ 1997 کے بعدکی حکومت کے دوران کھلوایا تھا۔ایف آئی اے چالان میں انکشاف کیا گیا کہ اکاونٹ میں 18 ملین ڈالرکی رقم جمع کرائی گئی تھی ، اسحاق ڈار کا اقبالی بیان کسی عدالتی فورم سے واپس نہیں لیا گیا۔

نجی ٹی وی کے مطابق ایف آئی اے نے حدیبیہ ملز کیس کو بھی بطور ثبوت پیش کرنےکا فیصلہ کرتے ہوئے کہا شہادت سے ثابت ہو گا شہباز شریف منی لانڈرنگ میں ریکارڈ یافتہ ہیں، حدیبیہ کیس میں ثابت ہوچکا شہباز شریف بے نامی اکاونٹس بناتے رہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں