لاہور (رپورٹنگ آن لائن) لاہور ہائیکورٹ نے منی لانڈرنگ کیس میں خواجہ آصف کی ضمانت کی درخواست پر چیئرمین اور ڈی جی نیب سمیت دیگر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر نیب کو 14 اپریل کو تفصیلی جواب اور رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیدیا۔
پیر کو جسٹس سردار سرفراز ڈوگر اور جسٹس اسجد جاوید گھرال پر ہی مشتمل لاہور ہائیکورٹ کے بنچ نے منی لانڈرنگ کیس میں لیگی رہنما خواجہ آصف کی ضمانت کی درخواست پر سماعت کی۔ عدالت نے چیئرمین اور ڈی جی نیب سمیت دیگر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر نیب کو 14 اپریل کو تفصیلی جواب اور رپورٹ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔
درخواست ضمانت میں چیئرمین نیب، ڈی جی نیب سمیت دیگر کو فریق بناتے ہوئے موقف اختیار کیا گیا کہ نیب نے منی لانڈرنگ اور آمدن سے زائد اثاثہ جات کے الزامات میں 29 دسمبر کو اسلام آباد سے گرفتار کیا، نیب کو کیس کا ریکارڈ پہلے ہی فراہم کیا جا چکا ہے، الیکشن کمیشن اور ایف بی آر کے پاس بھی اثاثوں کی تمام تفصیلات موجود ہیں، نیب کو کیس میں مزید ریکوری ضرورت نہیں، بلاجواز جیل میں قید رکھا گیا ہے، منی لانڈرنگ کیس میں ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دیا جائے۔