لاہور (رپورٹنگ آن لائن) شوگر کاروبار کے ذریعے منی لانڈرنگ کیس میں شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی عبوری ضمانت میں 14 جنوری تک توسیع کر دی گئی۔ عدالت نے ایف آئی اے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بینکرز کی حد تک تفتیش مکمل ہوتی تو دائرہ اختیار کا معاملہ حل ہو جاتا، ابھی تک ایف آئی اے نے تفتیش مکمل نہیں کی، اس محکمے کا کون والی وارث ہے، کس کو طلب کروں۔
بینکنگ جرائم کورٹ کے جج نے عبوری ضمانتوں پر سماعت کی۔ شہباز شریف اور حمزہ شہباز عبوری ضمانت کی معیاد ختم ہونے پر عدالت پیش ہوئے۔ دوران سماعت شہباز شریف اور حمزہ شہباز نے عدالت میں پیش ہو کر حاضری مکمل کروائی۔ دوران سماعت شہباز شریف نے عدالت سے بولنے کی اجازت مانگی اور کہا کہ ان کے خلاف اس چالان مین کچھ نہیں ہے، جس پر عدالت نے استفسار کیا کہ کیا آپ بحث کر ہے ہیں جس پر اپوزیشن لیڈر نے جواب دیا وہ بحث نہیں کر رہے ویسے ہی عدالت کو بتا رہے ہیں۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ کورٹ ایک ہی بار سب کو سنے گی۔