لاہور(رپورٹنگ آن لائن) احتساب عدالت نے منی لانڈرنگ کیس میں شہباز شریف اورحمزہ شہباز کے جوڈیشل ریمانڈ میں چھ روز کی توسیع کر دی۔
تفصیلات کے مطابق منی لانڈرنگ کیس میں شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو لاہور کی احتساب عدالت میں پیش کیا گیا۔ دوران سماعت نیب کے گواہ ابراہیم کا بیان قلمبند کیا گیا جبکہ شہباز شریف کاانیس سو اسی سے دو ہزار ایک تک کے اثاثوں کا ریکارڈ بھی پیش کیا گیا۔
شہباز شریف نے عدالت کو بتایا کہ 13 برس بعد ریفرنس دائر کرنا بدنیتی ہے، قومی خزانے کی ایمانداری سے حفاظت کی، چینوٹ مائنز کیس میں کچھ عدالت میں شواہد دینا چاہتا ہوں، ہائیکورٹ کیس کو لیکر کمپنی گئی جہاں سے ہمارے حق میں فیصلہ ہوا۔
فاضل جج نے جواب دیا کہ یہ کیس میرے پاس نہیں ہے شہباز شریف صاحب۔ احتساب عدالت نے منی لانڈرنگ کیس میں شہباز شریف اور حمزہ شہباز سمیت دیگر گرفتار ملزمان کے جوڈیشل ریمانڈ میں چھ روز کی توسیع کر کے سماعت ملتوی کر دی۔









