اسلام آ باد (رپورٹنگ آن لائن) پاکستان مسلم لیگ(ن)کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے کہا ہے کہ منی بجٹ سے ملکی حالات بہتر ہونے کے بجائے مزید بدترین ہوجائیں گے ، منی بجٹ منظور ہوا تو نیا سال قوم کیلئے مہنگائی کا بدترین سال بن جائے گا۔
اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ حکومت آئی ایم ایف کی شرائط پوری کرنے کے لئے پارلیمنٹ کو ربراسٹیمپ بنانا چاہتی ہے ، منی بجٹ دراصل پارلیمنٹ کی خودمختاری پر بھی حملہ ہے ، پارلیمنٹ عوام کے مفادات کیلئے کھڑ ی نہ ہوئی تو اسے عوامی نمائندہ ادارہ نہیں سمجھا جائے گا۔ انہوںنے کہا کہ منی بجٹ مسلط کرنے سے بہتر ہوگا حکومتی ناکامی کا اعتراف کرتے ہوئے قوم کی جان چھوڑ دے ، یہ منی بجٹ ہم تو ڈوبے ہیں صنم تم کو بھی لے ڈوبیں گے کی عملی تفسیر ہے۔
شہبازشریف نے کہا ہے کہ حکومت خود تو عوامی نفرت کے سیلاب میں ڈوب چکی ہے، ملک کو آئی ایم ایف کے پنجرے میں قید نہ کرے ، حکومتی کارکردگی دیکھ کر عوام کی اکثریت موجودہ ٹیم سے مکمل بیزار اور مایوس ہو چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ رواں سال میں حکومت کا صرف پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 39 روپے سے زائد اضافہ ظلم ہے ، تین سال میں دواں کی قیمت مسلسل اضافہ ہوا ہے ، حکومتی اعتراف سے عمران نیازی کے سستے پاکستان کی نفی ہوگئی۔
شہبازشریف نے کہا ہے کہ قومی اسمبلی میں چینی کی پیداوار میں کمی کا حکومتی اعتراف اس کے پہلے دعووں کی نفی ہے ، گیس کی بندش سے 2 فیصد ٹیکسٹائل ملز کی بندش کا حکومتی اعتراف ہمارے خدشات کی تصدیق ہے ، تمام حقائق، اطلاعات اور دستاویزی شواہد اعتراف کررہے ہیں کہ معیشت کو بھٹہ گول ہوچکا ہے۔