عمران اسماعیل

منی بجٹ امپورٹڈ حکومت کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہوگا، علی زیدی

کراچی (رپورٹنگ آن لائن ) پاکستان تحریک انصاف سندھ کے صدر علی حیدر زیدی نے کہا ہے کہ یہ منی بجٹ اس امپورٹڈ حکومت کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہوگا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے جاری کردہ بیان میں علی زیدی نے کہا کہ مجھے ڈر ہے کہ اگر قوم خاموش رہی تو یہ پاکستان کے لیے بھی تباہی کا باعث ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اس سے ہماری برآمدات میں کمی آئے گی ، ہماری صنعتیں برباد ہو جائیں گی اور بے روزگاری چھت کو جا لگے گی، ملک کا دیوالیہ ہو جائے گا۔

پی ٹی آئی رہنما کا کہنا ہے کہ پہلے دن سے کہہ رہا ہوں کہ یہ حکومت 2 واضح ایجنڈوں کے ساتھ لائی گئی ہے، انکا مقصد ایک دوسرے کے خلاف کرپشن کے تمام مقدمات ختم کرنا ہے۔ سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کو اتنا نقصان پہنچانا کہ ہم اپنے حق میں کسی کے ساتھ مذاکرات کرنے کے قابل نہ رہیں۔ علی زیدی نے مزید کہا کہ ناانصافی کے سامنے غیر جانبدار رہنا ظالم کا ساتھ دینے کے مترادف ہے۔