محسن نقوی

منشیات فروش انسانیت اور نوجوان نسل کے بدترین دشمن ہیں،محسن نقوی

اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن)وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ منشیات فروش عناصر کو نشان عبرت بنانے کا قومی عزم رکھتے ہیں، منشیات فروش انسانیت اور نوجوان نسل کے بدترین دشمن ہیں۔

محسن نقوی نے منشیات کے استعمال اور سمگلنگ کے خلاف عالمی دن پر جاری بیان میں کہاکہ اے این ایف افسران، جوانوں نے منشیات سے پاک معاشرے کی جدوجہد میں جانیں قربان کی ہیں، اے این ایف کے شہداء کی عظیم قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ منشیات کے استعمال کا بڑھتا ہوا خطرہ ہر معاشرے کیلئے چیلنج بن چکا ہے، اقوام عالم کو مشترکہ اقدامات سے منشیات کے استعمال کے آگے بند باندھنا ہوگا، پاکستان اس جنگ میں دنیا کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑا ہے۔

محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان نے نیشنل اینٹی نارکوٹکس پالیسی کے تحت اقدامات کیے ہیں۔محسن نقوی نے کہا کہ منشیات کے استعمال اور سمگلنگ کے خلاف جنگ جیتنے کیلئے شانہ بشانہ کام کرنا ہوگا، منشیات سے پاک معاشرہ نئی نسل کا حق ہے اور یہ حق انہیں دے کر رہیں گے۔انہوں نے کہا کہ صحتمند معاشرے کی تشکیل کیلئے کاوشوں کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔