لاہور ہائی کورٹ

منشیات اسمگلنگ کیس،لاہور ہائی کورٹ نے ماڈل ٹریزا کو بری کردیا

لاہور (رپورٹنگ آن لائن ) لاہور ہائیکورٹ نے غیر ملکی ماڈل ٹریزا کومنشیات اسمگلنگ کیس میں بری کردیا ۔ پیر کو جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی پر مشتمل 2 رکنی بینچ نے اپیل پر سماعت کی۔

عدالت نے ملزمہ کی ساڈھے8 سالہ قید کی سزا کو کالعدم قرار دے دیا۔ ملزمہ کے خلاف کسٹم حکام نے مقدمہ درج کیا تھا۔ اپریل 2019 میں منشیات اسمگلنگ کیس میں سزا یافتہ غیر ملکی ماڈل ٹریزا السکووا نے سزا کا فیصلہ ہائی کورٹ میں چیلنج کیا تھا۔ ٹریزا کا موقف تھا کہ ٹرائل کورٹ نے حقائق کے برعکس سزا سنائی، جس بیگ سے ہیروئن ملی وہ ان کا نہیں تھا۔ ٹریزا نے درخواست میں تحریر کیا کہ ان کے بیگ کو تبدیل کیا گیا،اے این ایف چیکنگ میں یہ بیگ نہیں تھا،بیگ کی تبدیلی کے بعد کسٹمز حکام کو منشیات ملی۔

انھوں نے استدعا کی کہ وہ بے قصور ہیں اورسزا کالعدم قرار دی جائے۔ واضح رہے کہ 20 مارچ 2019 کو منشیات اسمگلنگ کےجرم میں گرفتار غیر ملکی خاتون ماڈل ٹریزا السکووا کو عدالت نے 8 سال قید کی سزا سنا دی تھی ۔ ایک ملزم شواہد نہ ملنے پر بری کردیا تھا۔